عوامی لائرز موومنٹ کی ’’آن لائن لیگل کنسلٹیشن اینڈ لاء ریفارمز‘‘ ویب سائٹ کا اجراء
پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاءون میں پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پروقار تقریب میں عوامی لائرز موومنٹ کی طرف سے ’’آن لائن لیگل کنسلٹیشن اینڈ لاء ریفارمز‘‘ ویب سائٹ کا اجراء کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں صدر عوامی لائرز موومنٹ لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزرانوار اختر ایڈووکیٹ، مخدوم مجید حسین ہاشمی ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، خان عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ، نذیر احمد خان ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، امتیاز چوہدری ایڈووکیٹ، سعود احمد خان ایڈووکیٹ، و دیگر وکلاء رہنماءوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد قانون کی بالادستی، جان و مال کے تحفظ اور اقلیتوں کے حقوق کی پاسبانی کی فکر کے ساتھ رکھی گئی تھی۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ میں تمام مذاہب کے ساتھ مل کر قانون کی حکمرانی کی بنیاد رکھی۔ کوئی نظریہ اور تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک احترام آدمیت کو دل و جاں سے تسلیم نہ کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور مظلوموں کی اشک شوئی کے حوالے سے وکلاء برادری کا بڑا اہم کردار ہے۔ انہوں نے عوامی لائرز موومنٹ کی طرف سے ویب سائٹ کے افتتاح پر وکلاء رہنماءوں کو مبارکباد دی۔
لہراسب گوندل ایڈووکیٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔ عوامی لائرز موومنٹ قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی سربلندی کےلئے کوشاں ہیں۔ انصاف کی فراہمی اور عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے عدلیہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ عدلیہ کو معاشرتی انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کےلئے فعال کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ امیر، غریب، طاقتور اور کمزور کا تصور ختم ہو سکے۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ قانو ن کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کےلئے وکلاء نے تاریخی خدمات انجام دی ہیں۔ انصاف کی فراہمی پر امن معاشرے اور گڈ گورننس کےلئے بہت ضروری ہے۔
عوامی لائرز موومنٹ’’ آن لائن لیگل کنسلٹیشن اینڈ لاء ریفارمز‘‘ ویب سائٹ کے ذریعے آئین و قانون کی حدود کے اند رہتے ہوئے سائلین کے مسائل حل کرنے اور انکو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ انصاف کی فراہمی، قانون کی حکمرانی کےلئے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہینگے۔ سائلین کے مسائل کے حل کےلئے اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کرینگے۔ اشتیاق چوہدری ایڈوکیٹ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاءون کے مظلوموں کو انصاف کی فراہمی کیلئے ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
تبصرہ