فضائی حدود کی خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
بھارت کا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا دعویٰ اقبال جرم ہے: سیکرٹری جنرل PAT
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارتی طیاروں کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کھلی جارحیت اور قابل مذمت فعل ہے۔ ہمیں اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے اور پوری قوم اپنی محب وطن افواج کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے، بھارت نے فیس سیونگ کیلئے ڈرامہ رچایا، بہت جلد وہ اپنے مضحکہ خیز دعوؤں پر شرمندہ ہو گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا دعویٰ اقبال جرم ہے، پاکستان اسی اعتراف کو عالمی سطح پر لے کر جائے اور ایک خود مختار ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے معاملے کو اٹھائے۔ پاکستان بااثر دوست ملکوں سے ملکر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلوانے کیلئے اقدامات کرے اور پوری دنیا کو بتایا جائے کہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت کی جارحیت پر او آئی سی اور جملہ علاقائی اقتصادی فورمز پر بھی سنجیدہ بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کی طرف سے انٹرنیشنل میڈیا کو موقع پر لے جانے اور حکومت کی طرف سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے، حکومت بین الاقوامی بارڈر کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ بلاتاخیر سفارتی سطح پر اٹھائے۔ بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی غیر معمولی اقدام ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، عالمی برادری اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔
تبصرہ