سانحہ ماڈل ٹاون عوامی تحریک یا منہاج القرآن کا نہیں ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کا کیس ہے: خرم نواز گنڈاپور کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاون کیس کی سماعت کے بعد میڈیا ٹاک کر تے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کو انصاف دلوانے کے لئے پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے انصاف کا راستہ کھول دیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے امید ظاہر کی کہ انصاف ملنے کی پوری توقع ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی طلبی بھی انصاف کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ ہم قوی امید رکھتے ہیں کہ ریاستی دہشت گردی میں ملوث ان بارہ افراد کی طلبی ضرور ہو ہوگی، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاون کا ایسا مقدمہ ہے جو ملک کی قانونی تاریخ کا ایک بڑا باب ہو گا اوراس کیس کا فیصلہ ملکی قانون کی تاریخ کا رخ بدل دے گا۔ اس موقع پر سانحہ ماڈل ٹاون کیس کے وکلاء جسٹس ریٹائرڈ مظہر سندھو، مخدوم مجید قریشی، نعیم الدین چوہدری، سردار غضنفر، مشتاق نوناری ایڈوکیٹ، عوامی تحریک کے صدر ابرار رضا ایڈوکیٹ، راجہ منیر اعجاز، غلام علی خان، احسان اللہ ایڈوکیٹ، راجہ عادل، عرفان طاہر، احسن قریشی اور دیگر وکلا اور عوامی تحریک کے رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ٹرائل پر پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا کیس جس کو میڈیا کی وساطت سے کروڑوں لوگوں نے جرم ہوتا ہوا براہ راست دیکھا، انہوں نے کہا کہ کروڑوں آنکھوں نے جو ظلم ہوتے دیکھا امید ہے کہ اعلی عدالت بھی انہی شواہد کے مطابق فیصلہ کرے گی، انہوں نے کہا کہ یہ کیس صرف عوامی تحریک یا منہاج القرآن کا کیس نہیں ہے بلکہ یہ کیس پوری انسانیت کا کیس ہے اور اس نے آگے کی قانونی تارئخ کا تعین بھی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیس اب بہتری کی جانب اور انصاف کی جانب بڑھ رہا ہے، جب تک مسلم لیگ نواز کی حکومت تھی کیس کی فائل بند کرانے کی سر توڑ کوششیں کی گئیں، مگر اب ایک آزاد حکومت ہے، جو کہ انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، نہ بنے گی، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے گزشتہ روز قطری خط کے متعلق یو ٹرن لے لیا ہے، ان کی بنیاد ہی جھوٹ پر مبنی ہے، جھوٹ بولنا ان کا وطیرہ ہے، مگر اب ان کے جھوٹ بھی پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں، جو شخص اپنی ناجائز دولت بچانے کے لئے اپنی اولاد کو کٹہرے میں لا سکتا ہے۔
اس سے ملک کے لئے بہتری کی توقع کرنا بیگانے کے خواب کی مانند ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت غیر جانب دار ہے اس لئے ہمیں امید ہے کہ قانون ظالموں کی گرفت ضرور اور جلد کرے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف، شہبازشریف سمیت 12 سیاسی راہنماؤں کی بطور طلبی کا معاملہ عوامی تحریک نے نوازشریف، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ چوہدری نثار، پرویز رشید مجموعی طور پر عوامی تحریک نے بارہ سیاسی رہنماؤں کی طلبی کی استدعا کر رکھی ہے ٹرائل کورٹ نے سیاسی رہنماؤں کی بطور ملزم طلبی کی استدعا مسترد کی تھی لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
تبصرہ