کرپشن ہوائی جہاز اور راکٹ کی رفتار سے ہوئی، احتساب ٹانگے کی رفتار پر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری کی بارسلونا میں میڈیا سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دورہ یورپ کے دوران سپین بارسلونا پہنچنے پر پاکستانی ٹی وی چینلز اور مقامی نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرپشن ہوائی جہاز اور راکٹ کی رفتار سے ہوئی جبکہ احتساب ٹانگے کی رفتار پر ہے۔ تاہم پھر بھی ہم اُن کی اس کوشش کو سلام پیش کرتے ہیں۔
نواز شریف کی سزا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سزا مکافات عمل اور یہ انتقام ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا ہے۔ شریف برادران کے جرائم ان کی سزا سے بھی زیادہ ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے کیس میں عدالتی کارروائی جاری ہے، نواز اور شہباز ہمارے بڑے مجرم ہیں۔ ہمارے ایک کیس کا فیصلہ محفوظ ہے اور ہمیں قوی امید ہے فیصلہ آتے ہی انہیں اس سے بڑی سزا ملے گی۔
دہشتگردی کی حالیہ لہر کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بڑی تشویشناک بات ہے کہ ان کے پیچھے کونسے عوامل ہیں اور یہ وقت انتخابات اور ان کی سزا کے دوران ہی کیوں منتخب کیا گیا یہ تو ریاستی اداروں کا کام ہے کہ وہ تحقیق کریں کہ حالیہ دہشتگردی کی لہر کہاں سے اُٹھ رہی ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا پہلے بھی یہ شک کیا جاتا رہا ہے کہ جب بھی نواز شریف پر بُرا وقت آتا ہے تو پاکستان کے حالات خراب ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مستونگ میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں شہادت پانے والوں کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔
تبصرہ