مہنگائی کیخلاف عوام کی نظریں چیف جسٹس پر ہیں: عوامی تحریک فیصل آباد
پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر رانا طاہر سلیم، جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود، غلام محمد قادری، محمد فاروق طور نے سپریم کورٹ کے نوٹس کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اضافہ سے غریب مہنگائی کی چکی میں پس جائے گا، دال، سبزی، روٹی تک مہنگی ہوگی اور مزدور کے لیے زندگی اجیرن ہو جائے گی، اس بات کا ایک بار پھر نوٹس لینے کی ضرورت ہے کہ سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف اب عوام کی نظریں چیف جسٹس آف پاکستان پر ہیں۔ انہوں نے یہ وعدہ کیا ہے کہ وہ قوم کو بتائیں گے کہ پٹرول کی مد میں حاصل کیا جانے والا ظالمانہ ٹیکس کہاں خرچ ہوتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل کے مہنگے ہونے سے صرف عام آدمی کو فرق پڑتا ہے، نگران بھی خداکا خوف کریں، ریلیف کے منتظر عوام پرآئے روز مہنگائی کے بم مت گرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اداروں میں سابق کرپٹ اشرافیہ کے منظور نظر بیوروکریٹس بیٹھے ہوئے ہیں، نگران وزیر اعظم آنکھیں بند کر کے سمریوں پر دستخط مت کریں ورنہ یہ چالاک بیوروکریٹس انہیں کسی بڑی مصیبت سے دوچار کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بار بار پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کا ایک مقصد سابق کرپٹ حکمرانوں کو انتخابی مہم کا جواز فراہم کرنا بھی ہوسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور نگران حکومت کو اضافے سے روکا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور بیڈ گورننس کے’’ثمرات‘‘ ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، شریف دور کی معاشی بربریت کے منفی اثرات تادیر پاکستان کے غریب عوام پر مسلط رہیں گے۔
تبصرہ