پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے ضلعی عہدیداران کا اجلاس
پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی عہدیداران کا اجلاس ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، صوبائی آرگنائزر میاں عبدالقادر، ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن حافظ رب نواز انجم، جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود، صدر تاجر ونگ میاں ظہور انور، صدر پروفیشنل ونگ طارق جاوید فیضی اور ممبر ایگزیکٹو سنٹر پنجاب میاں اشرف قادری نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ موجودہ کرپٹ اورظالم انتخابی نظام کے خلاف ہماری جدوجہد تین دہائیوں پر مشتمل ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ نظام کرپشن اور کرپٹ عناصر کو تحفظ دیتا ہے اس نظام کو بدلے بغیر کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے ہاؤس کو مزید بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک موجودہ الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کررہی بلکہ ان انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی کیونکہ ان انتخابات کے نتائج میں کوئی خیر کا پہلو نظر نہیں آرہا۔
ضلعی صدر رانا طاہر سلیم خاں نے کہا کہ چہرے بدلنے سے نظام بدلنے کی دھوکہ دہی اب بند ہونی چاہیے۔ تبدیلی کے دعویدار جو لوگ یہ کہتے تھے کہ اصلاحات کے بغیر2018 کا الیکشن نہیں ہونے دیں گے آج وہ پرانے الیکٹیبلز کے ساتھ موجودہ کرپٹ نظام سے سمجھوتہ کرچکے ہیں اس وقت اسٹیبلشمنٹ سیاسی شطرنج کھیل رہی ہے اور مہروں کو آگے پیچھے کرکے قوم کو دھوکہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزمان امیدواران راستہ روکنے کیلئے ہمارے ورکرز بھرپور کردار ادا کریں گے۔
میاں کاشف محمود نے کہا کہ آج نیب کو دھمکیاں وہی عناصر دے رہے ہیں جو نیب سے خطرہ محسوس کررہے ہیں نیب لٹیروں کے کیس لٹکانے کی بجائے انہیں نمٹائے اور لٹیروں کو سزادے ابھی تک نہ احتساب ہوا اور نہ اصلاحات تو موجودہ الیکشن کاحال پہلے والی اسمبلیوں سے بھی بدتر ہوگا۔
حافظ رب نواز انجم نے کہاکہ چیف جسٹس نے کہا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس ہائیکورٹ 2 ہفتوں میں نمٹائے مگر 2 ماہ گزر نے کے باوجود ابھی تک کوئی پیش رفت نہ ہوسکی 14 سے زائد شہداء اور 80 سے زائد زخمیوں کاخون اعلیٰ عدلیہ اورملکی سلامتی کے اداروں سے سوال کررہا ہے کہ ہمیں کب انصاف ملے گا۔ میاں عبدالقادر نے کہا کہ موجودہ انتخابات کے بعد ینگ پارلیمنٹ وجود میں آئے گی جس سے قوم میں مزید مایوسی پھیلے گی۔
تبصرہ