بریشیاء: پاکستان عوامی تحریک کے 29 ویں یومِ تاسیس پر اٹلی میں تقریب
پاکستان عوامی تحریک کے 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پرپاکستان عوامی تحریک اٹلی کے زیراہتمام 25 مئی 2018ء کو تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان عوامی تحریک یورپ کے صدر شاہد ملک سمیت دیگر قائدین نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہد ملک نے کہا کہ عوامی تحریک کے 29 ویں یوم تاسیس پر یورپ بھر میں ورکرز کنونشن منعقد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ورکرز کنونشن اشرافیہ کو پیغام دیں گے کہ اب لوٹ مار کا کھیل زیادہ دیر نہیں چلنے دیا جائے گا، اب عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کا عمل زیادہ دیر تک جاری نہ رہ سکے گ۔ حکمرانوں اور سیاست دانوں کی خود غرضی سرطان کی مانند اس مملکتِ خداداد کو ختم کرنے کے در پہ ہے۔ ملک سیاسی اور مذہبی دہشت گردی کی زد میں ہے۔ نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنے انتخابی وعدوں پر بالکل بھی عمل نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان میں عوام توانائی کے بحران اور منہ زور مہنگائی کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں۔ لوگ اپنی جان بچانے کی خاطر بھوک، افلاس سے تنگ آکر ڈاکے، چوری اور لوٹ مار کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانا، امن و امان فراہم کرنا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے مگر ہمارے حکمران اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کلیتاً ناکام ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد اپنے سیاسی، سماجی شعور کو بلند کرنے اور معاشرے میں ہونے والی انفرادی اور اجتماعی زیادتیوں اور ملکی مفادات کی سرِ عام نیلامی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے اپنا مضبوط کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری واحد لیڈر ہیں، جنہوں نے قوم کو 62/63 اور آئین پاکستان کی تعلیم دی۔ جس کے ثمرات آج قوم کو مثبت طرز پر مل رہے ہیں۔ ہر پاکستانی کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے قافلہ میں شامل ہو کر عزم و یقیں کا حصہ بنے۔
تقریب میں دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا، آخر میں عوامی تحریک کے 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر ملک پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا بھی ہوئی۔
رپورٹ۔ حسن زمان تارڑ
تبصرہ