عوامی تحریک کراچی کے قائدین کی مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے ملاقات
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے قائدین نے سندھ کے صدر مشتاق صدیقی کی سربراہی میں صوبائی سیکرٹریٹ میں مجلس وحدت المسلمین کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوامی تحریک کے رہنماء رائوکامران محمود، سید ظفر اقبال، اطہر جاوید صدیقی، الیاس مغل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مجلس وحدت المسلمین نے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کو 13 مئی کو ہونے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔
پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے صدر مشتاق صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کودماغی خلل کی وجہ سے خلائی مخلوق نظر آرہی ہے۔ نا اہل حکمرانوں کے اس دماغی خلل نے ملک و ملت کو دائو پر لگا دیا۔ کرپٹ حکمران اس وقت اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں انھیں ملک و قوم کی کوئی فکر نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک سیاست کے بجائے ریاست بچانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا پارٹیاں بدلنے والے ضمیر فروش کبھی تبدیلی نہیں لا سکتے اس کیلئے نظام بدلنا ہو گا۔ نظام بدلے گا تو پاکستان بدلے گا موجودہ نظام کرپٹ سیاستدانوں نے اپنے تحفظ اور لوٹ مار کیلئے ترتیب دے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں ایک بار پھر انتہاپسندانہ سوچ کی آبیاری جاری ہے جسے ابھی سے کنڑول کرنے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ