اسلام آباد: خرم نواز گنڈاپور کی شیخ رشید سے ملاقات
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے دورہ اسلام آباد کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی حالات، سیاسی اور قومی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور آئندہ کے بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے پر پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کے محاذ پر جو کردار ادا کرنا تھا وہ نہیں ہوا جس کی سزا پاکستان کا ایک عام غریب آدمی بھگت رہا ہے۔
اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد حالات اتنے برے نہیں تھے جو آج بتدریج ہو چکے ہیں۔ 1947ء میں پاکستان ایک غریب ملک ضرور تھا مگر مقروض اور اغیار کا کاسہ لیس نہیں تھا۔ آج ہم بتدریج غیر ملکی قرضوں کی دلدل میں پھنس کر اپنی خودمختاری کو رہن رکھ بیٹھے ہیں اس بات پر کوئی فکر مند نہیں کہ غیر ملکی قرضے اور سود مرکب سے جان کیسے چھڑوانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کچھ حقوق و فرائض کے ساتھ بہترین نظام ہے، مگر جمہوریت کے سہارے پر اقتدار حاصل کرنے والے اپنے فرائض بھول چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہی حکومتوں، ایوانوں اور اداروں کا قبلہ درست کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کو کرپشن، لوٹ مار، قتل و غارت گری اور تعلیم، صحت کی سہولتوں کے فقدان پر خاموش تماشائی نہیں بنے رہنا چاہیے۔ اپنے حق کیلئے پاکستان کے عوام خود نہیں بولیں گے تو کوئی اور بھی نہیں بولے گا۔
تبصرہ