اسلام آباد: عوامی تحریک کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر سیمینار
پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر سیمینار منعقد ہوا، جس میں مرکزی رہنماء رانا محمد ادریس نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے استصواب رائے کا جو وعدہ کیا گیا 70سال کے بعد بھی پورا نہیں ہوا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
رانا ادریس نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آل شریف کے مودی کے ساتھ خفیہ مراسم اورنواز شریف کی فیکٹریوں میں بطور ملازم بھارتی ایجنٹوں کی پاکستان آمدکا راز بھی پوری قوم کے سامنے رکھا، ان کی جانب سے تردیدی بیان نہ آنا بھی ان کے ملوث ہونے کی دلیل ہے، کلبھوشن کے معاملہ پر خاموشی اختیار کرنے والے نواز شریف نے کشمیرکاز کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے قومی اداروں سے معاملے کی تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان پر آرٹیکل 6 لگایا جائے، انہوں نے مذید کہا کہ کشمیر کو’نو ملٹری زون‘ بنایا جائے،
سیمینار میں ایک متفقہ قراردار منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل سیکیورٹی کونسل کے فیصلہ کے مطابق حل کیا جائے۔ حق خود ارادیت کے ذریعے کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، پاکستان عوامی تحریک مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم، اور آزاد کشمیر میں کنٹرول لائنکی خلاف ورزی انسانی حقوق کی پامالی، نہتے کشمیری مسمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتی ہے، پاکستان عوامی تحریک مطالبہ کرتی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم فوری بند کئے جائیں اور مقبوضہ کشمیر سے قابض فوج کو نکالا جائے، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع کر دیں۔
اس موقع پر ابرار رضا ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، غلام علی خان، میر اشتیاق ایڈووکیٹ، میر واعظ ترین نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں، سردار پھل نصیب، جمشید چوہدری، راجہ عادل سعید، صدیق بٹ، حفیظ اعوان، شبیر ملک، دیا چوہدری، مسز شبیر ملک، حمزہ منہاج، حمزہ بٹ، مرزا عبدالوحید اور دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے،
تبصرہ