سربراہ عوامی تحریک کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا اور اسیران انقلاب مارچ سے ملاقات
سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء و اسیران انقلاب مارچ سے ملاقات کی اور انکے جذبہ اور استقامت کو سراہا اور کہا کہ ایسے عظیم کارکن کسی اور جماعت میں نہیں ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کارکنوں کی لاشیں اٹھائیں انصاف نہیں ملا پھر بھی عدلیہ کے وقار پر انگلی نہیں اٹھائی۔ متفقہ جھوٹے اور قومی لٹیرے سپریم کورٹ کے ججز کو کہتے ہیں کہ چھوڑیں گے نہیں، ہم کہتے ہیں آپ عدلیہ کے خلاف تحریک کیلئے باہر نکلیں قوم آپ کو نہیں چھوڑے گی۔ وکلاء برادری اور عوامی سیاسی، سماجی حلقوں اور عوام کو ایک نا اہل شخص کی دھمکیوں پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ انصاف کا بلند ترین آئینی ادارہ ہے کسی بدعنوان خاندان کی آف شور کمپنی نہیں کہ جو دل میں آئے کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے تحفظ کا حلف اٹھانے والے وزیراعظم نااہل نواز شریف کی دھمکیوں پر چپ کیوں ہیں؟ پارلیمنٹ اور سینیٹ آف پاکستان کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان اسلام اور پاکستان کے سچے سپاہی ہیں۔ عظیم کارکن ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، حصول انصاف کیلئے کارکن تیار اور میرے اشارے کے منتظر ہیں۔
تبصرہ