آل پاکستان وکلاء کنونشن سے ڈاکٹر طاہرالقادری اہم خطاب کرینگے:خرم نواز گنڈاپور
اتحادی جماعتوں اور چاروں صوبوں کے ہائیکورٹس بار کے وکلاء
نمائندے شریک ہونگے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف سیاست سے بالاتر ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
فی الحال قاتل اعلیٰ پنجاب کو ان کا استعفیٰ دینے والا وعدہ یاد دلوار ہے ہیں

لاہور (13دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 14 دسمبر دوپہر 1 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں آل پاکستان وکلاء کنونشن منعقد ہورہا ہے۔ کنونشن سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اہم خطاب کریں گے۔ کنونشن میں اتحادی جماعتوں اور چاروں صوبوں کی ہائیکورٹس بار کے وکلاء نمائندے شریک ہونگے۔ فی الحال قاتل اعلیٰ پنجاب کو ان کا استعفیٰ دینے والا وعدہ یاد دلوار ہے ہیں۔ سانحہ کی غیر جانبدار تفتیش کیلئے شہباز شریف اور رانا ثناء کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔
انہوں نے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس نجفی کمیشن کے ذریعے آنے والے نئے حقائق پر قانونی مشاورت مکمل کر لی ہے، مشاورتی عمل میں ملک کے چوٹی کے وکلاء کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ جسٹس صاحبان بھی شامل ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک انسانی المیہ ہے، سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ غیر سیاسی عوامی حلقے بھی دل گرفتہ ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کاانصاف قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے، الحمدللہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دانش مندی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی استقامت کے باعث آج چھپا ہوا ایک سچ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے ذریعے قوم کے سامنے آگیا۔
انہوں نے کہا کہ مکمل انصاف کیلئے قانونی، سیاسی، عوامی چارہ جوئی کرینگے، انشاء اللہ تعالیٰ وہ دن دور نہیں جب شہداء کے ورثاء کو انصاف ملے گا اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم اپوزیشن جماعتوں کے قائدین، کارکنان اور میڈیا کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے مشکل کی گھڑی میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی اشک شوئی کی اور یتیموں کے سروں پر دست شفقت رکھا، ظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی جدوجہد سیاست سے بالاتر ہے۔


تبصرہ