نواز شریف مسجد نبوی جائیں یا خانہ کعبہ چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
بہت سے حکمران اقتدار سے نکلتے دیکھے، اشرافیہ جتنی تذلیل کسی کی نہیں ہوئی : سربراہ عوامی تحریک
عزت، بے عزتی اس وقت محسوس ہوتی ہے جب ضمیر زندہ ہو، اشرافیہ کا مؤاخذہ اللہ کی طرف سے ہے
اللہ پر یقین ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم انجام کو پہنچیں گے، سینئر رہنماؤں سے گفتگو
سربراہ عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کے رہنما صمصام بخاری کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

لاہور (12 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے جائزہ لیتے وقت اگر حکومتی وکلاء معزز ججز کے چیمبر میں بیٹھیں تو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو بھی بٹھایا جائے۔ اللہ پر توکل کے باعث سمجھتا ہوں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزم کیفر کردار کو پہنچیں گے، اپنی زندگی میں بہت سارے وزرائے اعظم کو بر طرف ہوتے اور اقتدار سے جاتے دیکھا مگر جتنا رسوا شریف خاندان ہوا کوئی نہیں ہوا۔ نواز شریف مسجد نبوی میں ہوں یا خانہ کعبہ کے صحن میں لوگ چور چور کے نعرے لگاتے ہیں۔ ڈھٹائی کی انتہا ہے کہ بددیانت شخص پوچھتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا؟۔ میرا یقین ہے شریف خاندان کا اللہ کی طرف سے مواخذہ ہو رہا ہے، آگے بہت کچھ ہو گا، اسی ہفتے پاکستان آ رہا ہوں۔ جیل کا کالا کمرہ انکا ٹھکانہ ہے، انہوں نے انسانیت کے ساتھ جو ظلم کئے ایک ایک کا بدلہ دیں گے۔ اتنا کچھ ہونے کے باوجود یہ اپنی بے عزتی محسوس نہیں کر سکے یہ بھی قدرت کی گرفت ہے۔ بے عزتی کے محسوس ہونے یا نہ ہونے کا تعلق ضمیر سے ہے۔ جب معیار پیسہ بن جائے تو ضمیر بھی مر جاتا ہے۔ احساس انہیں ہوتا ہے جن کے اندر لطافت ہو جن کے اندر صرف غلاظت رہ جائے وہ احساس سے عاری ہو جاتے ہیں۔ جو شخص ریاست کیلئے سودا کرے، ایمان بیچ دے اسکا ضمیر مردہ ہو جاتا ہے اسے بے عزتی سے کیا لینا دینا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں انکا اقتدار بڑا طویل تھا یزید نے 60 ہجری میں اہل بیت پر ظلم ڈھائے مگر اللہ نے اسکا بدلہ 132 ہجری میں جا کر لیا، تاخیر جرم کی سزا کو بڑھا تی ہے۔ اشرافیہ عبرت ناک ا نجام سے دوچار ہو گی۔ دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے پی ٹی آئی کے رہنما صمصام بخاری کی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔


تبصرہ