باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کا حصہ بنائی جائے: عوامی تحریک
سٹیل ملز ملازمین کے ٹرین مارچ اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتے
ہیں، بشارت جسپال
کرپشن کی سموگ نے 21 کروڑ عوام کو لپیٹ میں لے رکھا ہے: ریحان مقبول، راجہ
زاہد و دیگر

لاہور (4 نومبر 2017ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں صدر سنٹرل پنجاب بشارت جسپال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فراہم کرنے میں حکومتی عذر اور بہانے بازیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کا حصہ بنائی جائے۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، راجہ محمد زاہد، چودھری محمد عارف، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، میاں عبدالقادر، قاری مظہر فرید، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چودھری افضل گجر و دیگر شریک ہوئے۔
عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ سٹیل مل ملازمین کے مالی مفادات کا تحفظ کیا جائے انہیں بقایا جات ادا کیے جائیں اور پنشنرز کو قانون کے مطابق ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ رہنماؤں نے سٹیل مل یونین کے رہنماؤں کے ٹرین مارچ کو ان کا قانونی، جمہوری حق قراردیتے ہوئے کہا کہ سٹیل مل ملازمین کی بات سنی جائے۔ اشرافیہ کے برسراقتدار آنے سے قبل سٹیل مل منافع دے رہی تھی جو آج بدترین خسارے میں چل رہی ہے۔ اشرافیہ اداروں کو خسارے کا شکار بنا کر پھر اونے پونے اپنے حواریوں کو بیچ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک سٹیل مل ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ بشارت جسپال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کی جمہوریت نے ناانصافی، ظلم اور استحصال کو پروان چڑھایا، کرپشن کی سموگ نے 21 کروڑ عوام کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، شریف برادران کے دور اقتدار میں ڈینگی، سموگ، کانگو جیسے موذی وائرس اور بیماریاں آئیں، ان بیماریوں کے پہلے عوام نے نام تک نہیں سنے تھے۔ کرپٹ حکمرانوں کی نحوست کی وجہ سے پاکستان آفات کا شکار ہے۔


تبصرہ