شہباز شریف کے نام نہاد ترقیاتی منصوبے سموگ اور آلودگی پھیلارہے ہیں: عوامی تحریک
ساہیوال کول پاور منصوبہ انسانی زندگیوں اور ماحول کے لیے ضرر رساں ہے
اشرافیہ کلین کی بجائے ’’غلیظ‘‘ انرجی منصوبے لگارہی ہے :فیاض وڑائچ

لاہور (3 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ سموگ نے زندگی کو معطل کر دیا ہے۔ بچے، بوڑھے، بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ دوسری طرف ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ ہے اور نہ موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فنڈز۔ شہباز شریف کے نام نہاد منصوبے سموگ اور آلودگی پھیلارہے ہیں۔ ساہیوال کول پاور منصوبہ اور ڈیزل فرنس منصوبے انسانی زندگیوں کے لیے ضرررساں ہیں۔ اشرافیہ نے کلین کی بجائے غلیظ انرجی منصوبے لگائے جس کی قیمت انسانیت چکارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کا صرف ایک مسئلہ ہے کہ کرپشن زدہ فیملی کو سزاؤں سے کیسے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی واحد امید پرائمری ہیلتھ یونٹس ہیں مگر وہاں صورت حال یہ ہے کہ پرائمری صحت کے فنڈز وزیراعلیٰ لاہورکے منصوبوں پر خرچ کررہے ہیں۔ گزشتہ سال پرائمری ہیلتھ یونٹس کے لیے خریدی گئیں ادویات کے 3ارب روپے تاحال ادا نہیں ہوئے اور مزید ادویات کی کمپنیوں نے فراہمی بند کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ پنجاب حکومت کی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں۔


تبصرہ