دہشتگردی ختم کرنے کا نواز شریف کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے: خرم نواز گنڈاپور
نااہل نے نیوز لیکس سکینڈل کے ذریعے آپریشن رد الفساد کو ناکام بنانے کی سازش کی
جسٹس قاضی عیسیٰ کمیشن نے رپورٹ دی کہ ایکشن پلان کو وزارت داخلہ نے ناکام بنایا
خودکش دھماکوں کے خلاف فتویٰ دینے پر ڈاکٹر طاہر القادری کے کارکنوں کا خون بہایا
لندن میں کھربوں کے اثاثوں کے سوال پر وہ جعلی قطری خط لے آتے ہیں، سیکرٹری جنرل PAT
نااہل نواز شریف کو ڈھیل نہ دی جائے، یہ الطاف حسین سے زیادہ خطرناک ہے

لاہور (3 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف کی طرف سے دہشت گردی ختم کرنے کا دعویٰ سفید جھوٹ ہے، دہشت گردی کے واقعات روکنے میں صرف فوج نے قربانیاں دیں، نااہل نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب کو ایک سال تاخیر کا شکار کیا اور نیوز لیکس سکینڈل کے ذریعے آپریشن رد الفساد کو ناکام بنانے کی سازش کی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ گواہ ہے کہ وزارت داخلہ نے قومی ایکشن پلان کے خلاف کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف فتویٰ دینے پر شریف برادران نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر پر حملہ کروایا اور 100 لوگوں کو گولیاں ماریں اگر نواز شریف دہشت گردی کے خلاف ہوتے تو وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا نہ کرتے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا دہشت گردی ختم کرنے کا دعویٰ لندن کے ناجائز اثاثوں کے حوالے سے قطری خط لانے جیسا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتیں لندن میں کھربوں کے اثاثوں کی خریداری کے متعلق منی ٹریل مانگتی ہیں تو وہ کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا؟ میں نے لوڈشیڈنگ ختم کی، میں نے دہشت گردی ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کی کرسی سے اٹھائے جانے کے بعدنواز شریف کا ذہنی توازن آؤٹ ہو چکا ہے اور وہ منی ٹریل دینے کی بجائے قومی سلامتی اور انصاف کے اداروں پر سازشوں کے الزام لگارہے ہیں مگر اب وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ کے دروازے ان پر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو چکے ہیں اب ان کا ٹھکانہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈھیل دئیے جانے کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، نواز شریف الطاف حسین سے زیادہ بڑا خطرہ بننے جارہا ہے۔


تبصرہ