کراچی پاکستان اسٹیل ملز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد کی قاضی زاہد حسین سے ملاقات
پاکستان اسٹیل ملز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دس رکنی وفد نے 29 اکتوبر 2017ء کو عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین سے صوبائی سیکرٹریٹ گلشن اقبال کراچی میں ملاقات کی۔ دس رکنی وفد کی قیادت مزدور رہنما مرزا مقصود کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کی صوبائی قیادت مشتاق احمد صدیقی، راؤ کامران محمود، اطہر جاوید صدیقی، الیاس مغل، سہیل رضا، عبدلوحید و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وفد نے پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور احتجاج کے حوالے سے آگاہ کیا اور پاکستان عوامی تحریک سے ملازمین کیلئے آواز بلند کرنے کی درخواست کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین نے کہاقومی اداروں کو نقصان پہنچانے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ حکمران خود ہیں۔ اسٹیل ملز ملازمین کی پنشن، بقایا جات ادا اور ادارے میں خسارے کے ذمہ داران کا تعین ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا لمحہ فکریہ ہے ایک طرف قومی ادارے تباہی کی آخری حدوں کو چھو رہے ہیں دوسری طرف حکمرانوں کی اپنی ائر لائنز اور ذاتی اسٹیل ملز سو گناہ زیادہ منافع کما رہی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے قومی اداروں کو ترقی اور توجہ دینے کے بجائے ذاتی کاروبار کو ترجیح اور ترقی دی جس سے قومی ادارے خسارے سے بند ہونے لگے۔
قاضی زاہد حسین نے کہا پاکستان اسٹیل ملز کے چار ہزار ملازمین اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں چار ہزار گھروں میں فاقے، قوم کا معاشی قتل ہو رہا ہے مگر صد افسوس صوبائی اور وفاقی حکومتیں سوائے لوٹ مار کے کچھ نہیں کر رہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے پاکستان اسٹیل ملز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دس رکنی وفدکو یقین دلایا کہ وہ ہر موڑ پر انکے ساتھ کھڑے ہیں۔
تبصرہ