نواز شریف اور شہباز شریف کا پولی گرافک ٹیسٹ کروایا جائے: ڈاکٹر طاہرالقادری
اشرافیہ کا اصل چہرہ دکھانے کیلئے والیم 10 پبلک لائبریریوں میں رکھا جائے: سربراہ عوامی تحریک
انصاف کے اداروں میں ڈیڑھ سال مسلسل جھوٹ بولنے پر انکے نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے چاہئیں
پانامہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کیس سٹڈی کے طور پر کریمنالوجی کے نصاب میں پڑھائی جائے
الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے محاورے کی آج کل عملی تصویر دیکھ رہے ہیں۔ وکلاء سے خطاب

لاہور (27 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا پولی گرافک ٹیسٹ کروایا جائے۔ پانامہ کیس میں مسلسل ڈیڑھ سال انصاف اور احتساب کے اداروں میں جھوٹ بولنے پر انکے نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے چاہئیں۔ نواز شریف اثاثوں کی منی ٹریل اور شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں انکا پولی گرافک ٹیسٹ نا گزیر ہو گیا۔ وہ عوامی تحریک کے وکلاء رہنماؤں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کی جائے، حدیبیہ پیپر ملز کیس اوپن کیاجائے، اشرافیہ کا قوم کو اصل چہرہ دکھانے کیلئے والیم ٹین پبلک لائبریریوں میں رکھوایا جائے۔ منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے سپریم کورٹ میں زیر بحث رہنے والے پاناما کیس اور جے آئی ٹی کی رپورٹ کو کیس سٹڈی کے طور پر ایم فل کریمنالوجی کے نصاب میں شامل کیا جائے اور کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں تک نواز شریف کو جیل میں رکھا جائے تاکہ سپریم کورٹ کی طرف سے متعین کی گئی مدت کے اندر احتساب عدالت اپنا فیصلہ سنا سکے۔ قومی خزانہ لوٹنے اور بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والوں کو کوئی ریلیف نہیں ملنا چاہیے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ محض وارنٹ اور نوٹس کے اجراء کافی نہیں اس کاغذی کارروائی کو کرپٹ عناصر انتقامی کارروائی کا نام دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ ان کااصلی احتساب شروع کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے، چوری اور سینہ زوری جیسے محاورے سن رکھے تھے آج کل انکی عملی تصویر دیکھ رہے ہیں۔ اثاثوں میں 91 گنا اضافہ کرنے والے شرمندہ ہونے کی بجائے الٹا انصاف اور احتساب کے اعلیٰ ترین اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے مضبوط ہوں تو کریمینلز آنکھیں دکھانے کی کبھی جرات نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن میں لتھڑی ہوئی اشرافیہ کے لیے کوئی لانڈری سکیم آئی تو قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے پبلک ہونے کا انتظار کررہے ہیں، شہباز شریف اس رپورٹ سے چمٹے ہوئے ہیں ضرور اس میں کچھ ایسا ہے جس کے پبلک ہونے سے وہ خوفزدہ ہیں۔


تبصرہ