جھوٹوں کے لیے کوئی لانڈری سکیم آئی تو یہ پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوگی: ڈاکٹر طاہرالقادری
نااہل شریف پارٹی صدر بننے کے لیے پاکستان آسکتے ہیں عدالت میں پیش ہونے کے لیے کیوں نہیں؟
باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے تاخیری ہتھکنڈوں پر تشویش ہے: سربراہ عوامی تحریک

لاہور (25 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل شریف پارٹی صدر بننے کے لیے ہزاروں کلومیٹرز کا سفر طے کرکے ہنگامی طور پر پاکستان پہنچ سکتے ہیں تو کرپشن کیسز کا سامنا کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہونے کے لیے کیوں نہیں آسکتے؟ ایک ہی قانون کا اطلاق ایک جیسے کیسز پر مختلف صوبوں میں مختلف افراد پر مختلف کیوں ہے؟ بدھ کو عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ کیسز پر فیصلے رکوانا چاہتی ہے اور مختلف منصوبوں پر غور ہو رہا ہے، ایک منصوبہ بندی کے تحت این آر او کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں خدانخواستہ کرپٹ عناصر، قاتلوں اور جھوٹوں کے لیے کوئی ’’لانڈری سکیم‘‘ آئی تو یہ پاکستان کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہوگی، دیکھتے ہیں ملک لوٹنے، فوج اور عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کرنیوالوں کو کون بچانے آتاہے؟
انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کے حوالے سے حکومتی تاخیری ہتھکنڈوں پر تشویش ہے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے فوری انصاف کے لیے عدالت عالیہ کے دروازے پر دستک دی تھی، مگر یہاں حکومتی وکلاء جن کے منہ قومی خزانے کے موتیوں سے بھرے ہوئے ہیں وہ دلائل کے نام پر تاخیری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، انہی ہتھکنڈوں نے ساڑھے تین سال سے انصاف کا راستہ روک رکھا ہے۔ عدالت سے شہداء کے ورثاء کی استدعاء ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے، ظالموں کی بجائے مظلوموں کی بات سنی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ چہرے بدلنے سے کچھ نہیں بدلے گا کرپٹ اشرافیہ، جھوٹوں لٹیروں کو جنم دینے والے نظام کو بدلنا ہوگا۔


تبصرہ