منی بجٹ سے ثابت ہوا پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان ہے: خرم نواز گنڈاپور
بچوں کے پیمپرز، چاکلیٹ پر بھی ٹیکس لگ گیا، یہ جمہوریت نہیں
فاشزم ہے
حکمران جاتے جاتے مہنگائی کا ٹائی ٹینک عوام پر گرارہے ہیں: بشارت جسپال، فیاض
وڑائچ

لاہور (18 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عباسی حکومت کے منی بجٹ سے ثابت ہو گیا پارلیمنٹ زندہ انسانوں کا قبرستان ہے۔ حکومت نااہل کو صدر بنائے یا بچوں کے پیمپرز، چاکلیٹ، کھلونے مہنگے کرے اراکین پارلیمنٹ کو کوئی پرواہ نہیں۔ ایسے فیصلے تو آمرانہ ادوار میں بھی نہیں ہوئے۔ مشاورتی اجلاس میں عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، راجہ زاہد، راجہ ندیم ودیگر رہنما شریک ہوئے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے منی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اشیائے خورونوش کی قلت، خوراک اور قیمتوں کے بدترین بحران سے دو چار ہے، اس دوران اشیائے خورونوش پر ٹیکس بڑھانا بھوک کو پروان چڑھانے کے مترادف ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں پر حکومتیں سبسڈی دیتی ہیں مگر یہاں پر میٹرو بسوں کو تو سبسڈی ملتی ہے مگر بچوں کے دودھ، چاکلیٹ اور اشیائے ضروریہ کو نہیں۔ بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق نے کہا کہ کتے، بلیوں کی خوراک پر 20 فیصد جبکہ زرعی استعمال کی چیزوں پر 50 فیصد سے زائد ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی گئی۔ جب زرعی اشیاء مہنگی ہونگی تو عام آدمی کیسے متاثر نہیں ہو گا؟بشارت جسپال نے کہا کہ حکمران جاتے جاتے عوام پر مہنگائی کا ٹائی ٹینک گرارہے ہیں۔
حکمران اشیائے خورونوش اس وقت مہنگی کرتے اچھے لگتے ہیں جب مقامی سطح پر اس کی قلت نہ ہو۔ جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ جھوٹے اور نااہل نواز شریف کی ساڑھے 4سالہ ناکام حکومت کے ناکام فیصلوں کے مضر معاشی اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھا ہوا نااہل شخص عباسی حکومت کی ڈوریں ہلا رہا ہے۔ عوام کی مشکلات بڑھائی جارہی ہیں تاکہ لوگوں کو باور کروایا جائے کہ نواز شریف کے جانے سے اچھا دور ختم ہو گیا۔


تبصرہ