مشترکہ اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے تاریخی استقبال کی تیاریوں کا جائزہ
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے استقبال کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن کا مشترکہ اجلاس 5 اگست 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ عوامی تحریک کے سینئر رہنما ڈاکٹر حسن محی الدین نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، انجینئر رفیق نجم، رانا ادریس، جواد حامد، علامہ میر آصف اکبر اور دیگر قائدین تحریک موجود تھے۔
اجلاس میں قائد عوامی تحریک کے استقبال کی تیاریوں اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا 8 اگست کو ایئرپورٹ پر تاریخ ساز استقبال کیا جائیگا اور لاہور کے عوام اپنے محبوب قائد کو خوش آمدید کہیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری لاہور ایئرپورٹ سے بہت بڑے جلوس کیساتھ مزار داتا علی ہجویری پر حاضری دینگے اور نوافل ادا کرینگے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا میں کرپشن کے الزام پر وزیر خزانہ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر گرفتار کیا گیا اور سزا دی گئی مگر ہمارا وزیر خزانہ کرپشن کے ثبوتوں کے باوجود پھر وزیر خزانہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ رسم ’’ساتواں ‘‘کو نہیں لارجر بنچ کے متفقہ فیصلے کو یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کا مطالبہ ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔ عوامی تحریک کے غیور کارکنوں نے فرعون صفت حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جرآت و بہادری کا مظاہرہ کیا، وقت آگیا ہے کہ ریاستی اداروں کو سیاست سے پاک کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہ شہریوں کو شہید کیا گیا۔ 85 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا۔ شریف برادران انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ سفاک حکمرانوں کے نزدیک اقتدار اہم ہے۔ یہ اقتدار کیلئے ملک و قوم کا سودا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا قصاص لے کررہیں گے۔ تین سال گزر گئے ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف نہیں ملا، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وقت آنے پر عوامی تحریک کے کارکن ملک بچانے اور ڈاکو بھگانے کیلئے سب سے آگے ہونگے۔ ظالم نظام بدلنے کی جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ قاتل حکمرانوں اور کرپٹ نظام کی گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکے کی ضرورت ہے۔
تبصرہ