راجہ فاروق حیدر کا بیان شہدائے کشمیر کے خون سے غداری ہے۔ جموں کشمیر عوامی تحریک
جموں کشمیر عوامی تحریک کے صدر سردار محمد منصور احمد خان نے راجہ فاروق حیدر کے کشمیر کے خلاف بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی رہنماوں کے ساتھ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کا الحاق سے متعلق بیان نواز شریف اور اقتدار کی محبّت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنے اقتدار کو کمزور ہوتا دیکھ کراور کرپٹ شریف برادران کے اشاروں پر انہوں نے ذاتی سیاسی مفاد کے لئے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ انہوں نے نواز شریف کی کرپشن کے باعث نا اہلی پر ری ایکشن کے طور پر اپنے آباؤ اجداد کے موقف کی بھی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کا بیان تحریکِ آزادیِ کشمیر اور شہدائے کشمیر کے خون کے ساتھ غداری ہے جو آج بھی بھارتی افواج کی بربریت کا مقابلہ پاکستان کا پرچم اُٹھا کر کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے عوام یا بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں میں سے کسی کا بھی یہ موقف نہیں۔ کشمیر کا بچہ بچہ پاکستان سے محبت کرتا ہے ۔ بھارتی میڈیا نے اِس بیان کو منفی انداز میں اُچھالا ہے ۔ ایسے بیانات سے تحریکِ آزادی ِ کشمیر کو نقصان پہنچتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت آنے والے بیان شریف برادران کے اشاروں پر آرہے ہیں۔ شریف برادران نے ماڈل ٹاؤن میں اپنے ہی معصوم شہریوں کو قتلِ عام کا نشانہ بنایا جن میں حاملہ خواتین بھی شامل تھیں ۔ ایسی صورتِ حال میں شریف برادران کا کشمیر ی شہدا کے خون کا خیال نہ کرنا اور اپنی کٹھ پتلیوں سے اِس طرح کے بیان دلوانا تعجب کی بات نہیں۔
تبصرہ