فیصل آباد: نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ آتے ہی عوامی تحریک کا جشن اور ریلی
پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد نے نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ کو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا۔ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے پر عوامی تحریک نے ضلع کونسل فیصل آباد سے پریس کلب تک ریلی نکلی اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ ریلی میں جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمود، ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، زین العابدین، ملک سرفراز قادری، غلام محمد قادری، شبیر حسین، محمد فاروق طور، رمضان چشتی، سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں شریک کارکنوں نے مٹھائیاں بانٹیں اور خوشی کا اظہار کیا۔ نواز شریف کے خائن ثابت ہونے پر شرکاء نعرے لگا رہے تھے کہ اب پھانسی کی تیاری کرو۔
ضلعی صدر رانا طاہر سلیم نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزیدیت کو شکست ہوئی، قومی لٹیرے نشان عبرت بن گئے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب کے قاتل اعلیٰ شہباز شریف کو سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں گرفتار کر کے ان کے خلاف 14 شہریوں کو قتل کرنے کا مقدمہ چلایا جائے۔
جنرل سیکرٹری میاں کاشف محمودنے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عملدرآمد کا جو مطالبہ کر رہے تھے، اللہ کا شکر ہے قوم کی جان ان لٹیروں سے انہی آرٹیکلز نے چھڑوائی۔
ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی پر ان کے گھریلو ملازمین، ڈرائیوروں نے بھی خوشی کا اظہار کیا، توڑ پھوڑ کے سارے منصوبے ناکام ہو گئے۔ لٹیروں کیلئے کوئی گھر سے باہر نہیں نکلا۔ نواز شریف کی نا اہلی پر فیصل آباد کے عوام نے بھرپور جشن منایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تکبر میں کہتا تھا استعفیٰ مانگنے والے منہ دھو کر آئیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان کا ایسا منہ دھلا ہے کہ کسی کو دکھانے کے قابل نہیں رہا۔
تبصرہ