ڈاکٹر طاہرالقادری کی وطن واپسی کا اعلان، 8 اگست کو لاہور پہنچیں گے
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے مطابق سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے وطن واپسی کا اعلان کر دیا، وہ 8 اگست کی صبح وطن لاہور پہنچیں گے۔ لاہور ایئرپورٹ پر کارکن ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو سہ پہر 4 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اپنی تمام بیرونی مصروفیات ترک کرکے آ رہے ہیں۔ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے حصول کیلئے لائحہ عمل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری ’’گو شہباز گو‘‘ اور ’’نو شہباز نو ‘‘ کی تحریک کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت کرینگے۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں فیاض وڑائچ، رفیق نجم، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، ساجد محمود بھٹی، قاضی فیض الاسلام و دیگر شریک ہوئے۔
تبصرہ