حکمرانوں کے 4 سالہ دور اقتدار میں بجلی کی پیداوار میں ایک یونٹ اضافہ نہیں ہوا، عوامی تحریک
لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے ریت کی دیوار کی طرح زمین بوس ہو چکے : خرم نواز گنڈا پور
مہنگائی بے بس عوام کا قتل عام کر رہی ہے حکمران ریلیف کی بجائے تکلیف دے رہے ہیں
عوام کو قاتل اورکرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانا ہو گی، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
بجلی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر عوام کی کھال اتاری جا رہی ہے، اجلاس سے خطاب

لاہور (17 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعوے ریت کی دیوار کی طرح زمین بوس ہو چکے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی، نام نہاد خادم اعلیٰ پنجاب اور حکومتی وزراء کی لوڈشیڈنگ میں اضافے میں انوکھی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اور بدحواس حکومتی وزراء موسم کی تبدیلی کو لوڈشیڈنگ میں اضافے کا ذمہ دار ٹھہرارہے ہیں۔ کیا پاکستان میں گرمیاں پہلی مرتبہ آئی ہیں۔ ہر برس کم و بیش اسی قسم کی گرمی پڑتی ہے۔ حکومتی وزراء کو معلوم ہونا چاہیے کہ موسمی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، حکمران اس قسم کے غیر سنجیدہ بیانات دے کر راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے بلکہ ان کا یہ طرز عمل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا ختم نہ ہونا حکومتی دعوؤں کی نفی ہے۔ 6 ماہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے والے کرپٹ حکمران 4 سالوں میں بجلی کی پیداوار میں ایک یونٹ کا اضافہ بھی نہ کر سکے۔ عوام کو ریلیف دینے اور امن و امان کے قیام میں حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر صدر عوامی تحریک سنٹرل پنجاب بشارت جسپال، صدر جنوبی پنجاب فیاض وڑائچ، ساجد بھٹی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری، ریحان مقبول، راجہ زاہد، میاں عبد القادر، وسیم ہمایوں، سید شاہد شاہ، راجہ ندیم و دیگر موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حکمران بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کر کے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھارہے ہیں، جو حکومت عوام کو جینے کیلئے بنیادی سہولیات فراہم نہ کر سکے وہ اقتدار سے الگ ہو کر اپنے گھر کی راہ لے۔ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات میں کمی آئی ہے، پاکستانیوں کو بھی اس کا ریلیف ملنا چاہیے تھا مگر حکمران ریلیف کی بجائے عوام کو تکلیف دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شہروں میں 12 سے 14 اور دیہات میں 18 سے 20 گھنٹے تک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ملکی حالات کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ دار پاکستان نہیں آرہے۔ صنعتیں بھارت، بنگلہ دیش، چین ملائیشیا اور دوسرے ممالک میں منتقل ہورہی ہیں۔ بجلی کی پیداوار آج بھی اتنی ہے جتنی چار سال قبل تھیں۔ بجلی کے 6 ہزار کے شارٹ فال سے حکومتی دعوؤں اور کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو سورج نے اپنے تیور دکھانے شروع کیے ہیں۔ مئی جون میں جب سورج آگ برسائے گا تو لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر کیا ستم ڈھائے گا۔ حکمرانوں کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے عوامی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مقتدر طبقات سے توقعات وابستہ کرنے کی بجائے اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے اقتدار و اختیار کا مالک بننا ہو گا اور موجودہ کرپٹ و قاتل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہو گی۔ بصورت دیگر یہی اندھیرا اور یہی مچھر عوام کو نہ سونے دیں گے نہ جینے دینگے اور نہ ہی آگے بڑھنے دینگے۔
اجلاس میں عوامی تحریک پنجاب کو سیاسی طور پر مزید متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے عوامی تحریک کی یونین کونسل، ٹاؤن، تحصیل، ضلعی، ڈویثرنل اور صوبائی تنظیمات کو مزید اہم ٹاسک دئیے گئے۔


تبصرہ