ملتان: پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کی صوبائی کوارڈینیشن کونسل
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کی صوبائی کوارڈینیشن کونسل کا اجلاس 02 اپریل 2017 کو ہوا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری تھے جبکہ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ، سیکرٹری جنرل سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ، آرگنائزر چوہدری قمر عباس دھول، مفتی مطلوب سعیدی اور سیکرٹری اطلاعات راؤ محمد عارف رضوی سمیت عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ یہ اقتدار میں رہنے کا جواز کھوچکے ہیں۔ پنجاب کے حکمران سرکاری خزانے کے ذریعے اپنی ا نتخابی مہم چلارہے ہیں اور گذشتہ انتخابات کی طرح ایک مرتبہ پھر عوام سے جھوٹے وعدے کر کے انہیں گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ اس کے لیے کارکن اپنی تیاریاں تیز کردیں۔ ہم کرپٹ اور لٹیروں کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ ہر حلقے میں مقابلہ کریں گے۔
سردار شاکر مزاری نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی زندگی کو مزید مشکل بنا دیا گیا ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے ملتان میں شاندار صوبائی سیکرٹریٹ قائم کیا جارہا ہے جس کی تعمیر جلد ہی شروع ہوجائے گی۔
سردار سیف اللہ خان سدوزئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکمران جنوبی پنجاب کی عوام کو میٹرو بس اور سولر پنکھوں کے ذریعے بیوقوف بنارہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو میٹروبس نہیں بلکہ ہسپتال، تعلیمی ادارے اور روزگار کی سہولتیں چاہئیں۔
چوہدری قمر عباس دھول، مفتی مطلوب سعیدی اور راؤ محمد عارف رضوی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والے حکمران ہی سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔ یہی کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرتے ہیں اور دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں ان کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلنا چاہیے۔ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد موجودہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے خاتمے کیلئے ہے جو ہر سطح پر جاری رہے گی۔
اجلاس میں شہزاد ڈوگر، سردار عمردراز سیہڑ، ملک محمداختر ملانہ، راؤ محمد اسحاق، علی عمران جٹ، شاہد ارائیں اور دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ