بھارتی شہریوں کو ویزے دینے کے معاملہ پر انکوائری کیوں نہیں ہوئی؟ عوامی تحریک
ڈاکٹر طاہرالقادری نے رمضان شوگر ملز میں خصوصی ویزوں پر آنے والوں کے ثبوت دیے تھے
ملکی سلامتی سے متعلق امور پر کمپرومائز کے تباہ کن نتائج نکلیں گے، بشارت جسپال
سنپولیوں کے اژدھا بننے کا انتظار نہ کیا جائے، ملکی سلامتی کو مقدم رکھا جائے
لاہور
(30 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کے
پاس سی آئی اے ایجنٹس کو ویزے دینے کا ریکارڈ نہیں ہے تاہم حکمرانوں کی رمضان شوگر
ملز کے سپانسر لیٹر پر جن بھارتیوں کو خصوصی ویزے جاری ہوئے ان کا ریکارڈ تو ہر جگہ
موجود ہے اس پر تحقیقات کیوں نہیں ہوئیں؟ بھارتی انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو جو خصوصی
ویزے جاری ہوئے ان کے نام اور پتے بمعہ پاسپورٹ نمبر ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا کو
دیئے تھے آج کے دن تک حکومت سمیت کسی نے جواب نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ جن بھارتی
شہریوں کو ویزے جاری ہوئے تھے ان کے ویزہ فارم پر مہر لگائی گئی تھی کہ انہیں ہر قسم
کی چیکنگ اور پولیس رپورٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان کی
شوگر ملوں میں بھارتی شہریوں کا خصوصی ویزوں پر آنا جانا غیر معمولی معاملہ ہے، اسے
نظر انداز نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی سے متعلق امور پر کمپرومائز
کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔ سنپولیوں کے اژدھا بننے کا انتظار نہ کیا جائے۔ انہوں نے
کہا کہ قوم منتظر ہے انہیں بتایا جائے کہ بھارتی شہری خصوصی ویزوں پر حکمران خاندان
کی شوگر ملز میں کیا کرتے رہے اور جس دن سربراہ عوامی تحریک نے یہ انکشاف کیا عین اسی
وقت رمضان شوگر مل میں آگ کیوں لگی؟ اور ایمبولینسوں کو آگ بجھانے کی اجازت کیوں نہ
دی گئی؟


تبصرہ