ملک کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے، میٹرو بس سے نہیں: عوامی تحریک پنجاب
کپاس، گنا، چاول کی فصل کاشت کرنے کیلئے پانی نہیں ہے، وزیراعلیٰ میٹرو کے قصیدے پڑھنا بند کریں
عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ کا وزیراعلیٰ کے خطاب پر ردعمل

لاہور (29 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لودھراں جلسے سے خطاب کے ردعمل میں کہا ہے کہ ملک کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے میٹرو بس سے نہیں، جنوبی پنجاب کے کسان پانی نہ ہونے کی وجہ سے کپاس، گنا، چاول کی فصل کاشت کرنے سے قاصر ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کو میٹرو قصیدوں سے فرصت نہیں مل رہی۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ لودھراں میں ضمنی الیکشن اور بلدیاتی الیکشن میں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے وعدے کیے گئے تھے جن میں کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا گیا، لودھراں کے عوام اتنے سادہ نہیں ہیں کہ وہ وزیراعلیٰ کی نئی لوریوں سے بہل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے نئے ڈیمز بنانے کیلئے کوئی ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کیا جس کا نتیجہ پانی کے بحران کی صورت میں سامنے آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ ارسا نے بھی سرکاری طور پر یہ اعلان کر دیا ہے کہ رواں سال خریف میں کسانوں کو 40 فیصد تک پانی کی کمی کا سامنا ہو گا، یہ اعلان یقیناً وزیراعلیٰ پنجاب کی نظر سے بھی گزرا ہو گا، جنوبی پنجاب کے عوام سمجھ رہے تھے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان اور زراعت کیلئے کوئی پانی پیکیج لا رہے ہیں مگر انہوں نے روایتی قصے، کہانیاں سنا کر عوام اور میڈیا کا وقت برباد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ذرا برابر بھی خوف خدا ہے تو وہ قومی وسائل پانی کے بحران کو دور کرنے کیلئے استعمال کریں اور کسانوں کو معاشی موت مارنے سے باز رہیں، 19 کروڑ عوام کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے اورنج ٹرین یا میٹرو بس سے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے شریف برادران کو پاناما کیس کے فیصلے اور اپنے انجام کا علم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے اب وہ گلی گلی گھوم رہے ہیں، اگر سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی کرپشن پر مہر لگا دی تو پھر عوام اس کرپٹ خاندان کا پیچھا کرینگے اور ان کا ایسا محاسبہ کریں گے اور اقتدار سے محروم ہونے کے بعد انہیں ماڈل ٹاؤن کے 14 شہیدوں اور ان کے ورثاء کی طرف سے قصاص کے مطالبہ کا سامنا کرنا ہو گا۔ حکمرانوں کے دن اب گنے جا چکے ہیں۔


تبصرہ