کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ فوجی عدالتوں کو پاورفل نہیں دیکھنا چاہتا: عوامی تحریک
اپنی شوگر ملوں کیلئے بھارتیوں کو خصوصی ویزے جاری کروانے والے
بھی کٹہرے میں لائے جائیں: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے ہنگامی اجلاس میں مرغی اور ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ پر
تشویش کا اظہار
سی پیک میں ٹماٹروں کی پیداوار بڑھانے کا بھی کوئی منصوبہ شامل کیا جائے: سید شاہد
علی شاہ و دیگر

لاہور (25 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک سنٹر ل پنجاب کا خصوصی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس سے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلنے والے ملک اور قوم کو کمزور کر رہے ہیں، بھارتیوں کو اپنی شوگر ملوں میں خصوصی ویزے جاری کروانے والے حکمرانوں سے بھی جواب طلب کیا جائے، نیوز لیکس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟ کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ فوجی عدالتوں کو پاور فل نہیں دیکھنا چاہتا۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم ہونیوالے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فی الفور جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس سے سید شاہد علی شاہ، بلال مصطفوی، میاں ریحان مقبول، میاں اشرف قادری، وسیم ہمایوں چودھری، قمر الثاقب نے خطاب کیا۔
نائب صدر شاہد علی شاہ نے مہنگائی کی حالیہ لہر کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو عام آدمی کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں ہے، انہوں نے مرغی اور ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور مصنوعی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتیں ایک ماہ پہلے والی سطح پر واپس لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پاکستان کو ایشیاء کا اقتصادی ٹائیگر بنانے کے ساتھ ساتھ مرغی اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی کنٹرول کریں اور سی پیک منصوبوں میں کوئی ایک منصوبہ ٹماٹر کی پیداوار بڑھانے کا بھی شامل کریں کیونکہ دو سو روپے یومیہ کمانے والا مزدور اتنا مہنگا ٹماٹر اور سبزیاں نہیں خرید سکتا۔ رہنماؤں نے کہا کہ مرغی کا کاروبار حکمران خاندان کنٹرول کرتا ہے، خادم اعلیٰ غریب پر کچھ ترس کھائیں اور قیمتیں واپس لائیں۔ گزشتہ 8 سال میں 5 ویں مرتبہ پنجاب میں ٹماٹروں کا بحران آیا، غریب عوام سستا آٹا، سستی سبزیاں اور ملاوٹ سے پاک دودھ، دوائیاں مانگ رہے ہیں مگر خادم اعلیٰ کی پہلی ترجیح اورنج ٹرین منصوبہ ہے۔ اگر کسانوں کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو خدانخواستہ پاکستان قحط کا شکار ہو گا اور گندم کا بل پٹرول کی امپورٹ کے بل سے بڑھ جائیگا۔ 300 ارب روپیہ اورنج ٹرین کے بیکار منصوبے پر خرچ کرنے کی بجائے کسانوں پر خرچ کیا جاتا تو آج ہم ٹماٹر، پیاز، دالوں اور بھنڈی توری کو نہ ترس رہے ہوتے۔
اجلاس میں سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع کے رہنماؤں رائے شمشیر خان بھٹی، الطاف الرحمن، مرزا محمد انصر قیوم، ڈاکٹر عمر حیات، محمد ثاقب، فرید مقصود وٹو، ضیاء اللہ وڑائچ، شہباز فرید، عمران اسلم، میاں محمد نعیم، ریاض احمد قادری، ملک غلام یاسین، شفاقت علی مغل، میاں افتخار احمد، محمد سجاد خان، ڈاکٹر شہزاد حسین، سردار عارف علی، فاروق حسین، رانا سلیم عظمت، محمد انور قادری، محمد ظہیر خان، محمد ارشد، توقیر اعوان، ایم اقبال نور، محمد افضل، محمد طفیل ڈار، ملک رشید احمد کھوکھرنے شرکت کی۔


تبصرہ