حکمرانوں کے مجرمانہ رویوں کے باعث دہشتگردوں کو قوت پکڑنے کا موقع ملا : خرم نواز گنڈا پور
مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی وجہ بننے والوں کے خلاف
آپریشن’’ رد الکرپشن‘‘ بھی شروع ہونا چاہیے
بلوچستان کے حالات پرتشویش ہے، 70 سالوں سے کرپٹ حکمرانوں نے بلوچوں کے حقوق چھین
رکھے ہیں
افواج پاکستان 20 کروڑ عوام کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،
بلوچستان کے وفد سے گفتگو

لاہور (24 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے تسلسل پر گہری تشویش ہے۔ دہشتگردوں کے حق میں بیان دینے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ازحد ضروری ہے، مصلحتوں سے کام لیا گیا تو پھر خون کی ندیاں بہتی رہیں گی۔ حکمرانوں نے قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل کیا ہوتا تو دہشتگردی کا خاتمہ ہو سکتا تھا۔ آپریشن ضرب عضب کی طرح آپریشن رد الفساد پر بھی قوم کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ قوم کی دعائیں فوج کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردی کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے اپنے مجرمانوں رویوں کے باعث ہمیشہ دہشتگردوں کو قوت پکڑنے کا موقع دیا۔ ان حکمرانوں کے برسر اقتدار رہتے ہوئے دہشگردی ختم نہیں ہو سکتی، فوج پاکستان کی سلامتی کا باوقار ادارہ ہے، افواج پاکستان کے جوان 20 کروڑ عوام کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے حالات پر گہری تشویش ہے۔ بلوچ عوام کو انکے جائز حقوق فوری ملنے چاہئیں جو پچھلے 70 سالوں سے کرپٹ حکمرانوں نے ان سے چھین رکھے ہیں۔ حکمرانوں نے اپنی کرپشن اور خیانت سے محب وطن بلوچی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ بلوچستان سمیت پورے ملک میں حقیقی عوامی جمہوریت، خوشحالی اور امن کا قیام ڈاکٹر طاہرالقادری کا ویژن ہے۔ پر امن معاشر ے کی تشکیل کی جو ذمہ داری ڈاکٹر طاہرالقادری نے اٹھائی ہے پوری قوم انکے ساتھ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء احمد نواز انجم کی قیادت میں آئے عوامی تحریک بلوچستان کے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جواد حامد، ساجد بھٹی، مشتاق نوناری، سہیل رضا، عارف چوہدری، شہزا د رسول، چوہدری افضل گجر و دیگر بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک اور بد ترین دور سے گزر رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنا حکمرانوں کی بد نیتی ہے۔ دہشتگردی، بد امنی، بے روزگاری، توانائی کا بحران حکومت کی کاکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف چاروں صوبوں میں بے رحم آپریشن ہونا چاہیے، کسی کو نہ بخشا جائے۔ اس میں کئی پردہ نشینوں کے نام بھی آئینگے۔ قوم کی خواہش ہے کہ ایسے تمام لوگوں کو واصل جہنم کر دیا جائے جو خوارج ہیں یا انکے ساتھی ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ایسے لوگ جنہوں نے اس ملک کو لوٹا، جن کی لوٹ مار کے باعث ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور غربت میں اضافہ ہوا انکے خلاف آپریشن رد الکرپشن بھی شروع ہونا چاہیے۔


تبصرہ