دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں دھوکہ دہی کی سزا قوم بھگت رہی ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
رینجرز کو آپریشن کی اجازت ملنے کی بات ابھی مبہم ہے، حکمران سنجیدہ نہیں ہیں

لاہور (20 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے دہشتگردی کے پودے کو 8 سال مسلسل پانی دے کرتناور درخت بنایااب اسے جڑ سے کاٹنے کیلئے 90 دن کی قدغن مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کو کراچی آپریشن طرز کے اختیارات ملے تو ضرور کوئی نتیجہ نکلے گا بصورت دیگر مزید وقت ضائع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز نے آپریشن کرنا ہے یا اس نے پولیس کی مدد کرنی ہے اس حوالے سے ابھی ابہام ہے تاہم حکمرانوں کا سابقہ ریکارڈ بتاتا ہے کہ زبانی جمع خرچ کرنے کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ حکمران خلوص نیت سے کوئی فیئر آپریشن نہیں ہونے دینگے۔
انہوں نے عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل بھی شور کیا گیا تھا کہ رینجرز کو آپریشن کی اجازت دینے کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کی ٹیبل پر پڑی ہے لیکن آج تک اسے منظوری نہیں ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں دھوکہ دہی کی سزا ملک اور قوم بھگت رہے ہیں۔ 60 ہزار شہادتیں بھی حکمرانوں کی آنکھیں نہ کھول سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان، سول سوسائٹی اور محب وطن پڑھے لکھے عوامی حلقے پنجاب میں با اختیار رینجرز آپریشن کیلئے حکومت پر دباؤ بڑھائیں۔


تبصرہ