عوامی تحریک لوئر سندھ کی تنظیم کا اعلان، ندیم نقشبندی صدر، خالد راجپوت جنرل سیکرٹری مقرر
شریف برادران پولیس والوں کے سلطانی گواہ بننے کے خوف میں مبتلا ہیں: عوامی تحریک
لاہور (12 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی منظوری کے بعد سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نے ندیم نقشبندی کو لوئر سندھ کا صدر، خالد راجپوت کو جنرل سیکرٹری اور فرحان منہاج کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ مشتاق قائم خوانی کو میر پور خاص کا ڈویژنل صدر، شہزاد علی کو حیدر آباد ڈویثرن کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کو ملک بھر میں ری آرگنائز کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ندیم نقشبندی، خالد راجپوت اور فرحان منہاج کو مبارکباد دی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کسی ملزم کو معاف نہیں کرینگے۔ شریف برادران کے بعد پولیس افسران کی معافی تلافی کے پیغامات آنا شروع ہو گئے تاہم انصاف کیلئے بر وقت منہ کھولنا ہو گا تا کہ سانحہ کے اصل کردار اپنے انجام کو پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران پولیس والوں کے سلطانی گواہ بننے کے حوالے سے خوف میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شریف برادران معافی تلافی کیلئے رابطے کر رہے تھے، اب کچھ پولیس والوں نے بھی رابطے کئے ہیں تاہم انصاف کیلئے پورا سچ بولنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شہداء کے ورثاء انصاف کے منتظر ہیں۔


تبصرہ