قطری حکومت کا خط سے اظہار لا تعلقی ظاہر کر تا ہے کہ خط جعلی ہے: عوامی تحریک
کرپشن کے نظام سے جان چھڑانا ہے تو انتخابی نظام میں اصلاحات
ناگزیر ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین
ڈاکٹر طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے مو قع پر 90 سے زائد ممالک میں تقریبات
ہونگی: خرم نواز گنڈا پور
عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں کشمیری عوام کے حق میں قرارداد منظور، جعلی
سروے پر کڑی تنقید

لاہور (5 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا، اجلاس کی صدارت عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطری حکومت کا خط سے اظہار لا تعلقی ظاہر کر تا ہے کہ خط جعلی ہے، حکمران جماعت جعل سازی کی ماہر ہے۔ اداروں کی نا اہلی کی وجہ سے ریاست کمزور ہو رہی ہے۔ عوام کو کرپشن اور ایمانداری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ حکومتی سپانسرڈ جعلی سروے حکمرانوں کے معاشی جرائم کی پردہ پوشی نہیں کر سکتے جب تک کرپٹ، اور نا اہل حکمران مسلط رہیں گے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو سکتا۔ کرپشن کے نظام سے جان چھڑانا ہے تو انتخابی نظام میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
ڈاکٹر طاہر القادری ہی پاکستان کے وہ واحد لیڈر ہیں جو کرپشن کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ سکتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک نے ملک گیر رابطہ عوام اور تنظیم سازی کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، صدر سنٹرل پنجاب بشارت جسپال، ساجد بھٹی، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، سید شاہد شاہ، میاں ریحان مقبول، میاں عبد القادر، چودھری افضل گجر، تنویر اعظم سندھو، عارف چودھری و ضلعی صدوربھی موجود تھے۔ اجلاس میں پورے پنجاب سے آئے ضلعی صدور نے اپنے اضلاع کی رپورٹ پیش کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کو انکے مستقبل کے حوالے سے فیصلے کا حق دیا جائے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور صحافتی حلقوں کو مقبوضہ کشمیر وادی میں آزادانہ آمد و رفت کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قائم ہونے والے جسٹس باقر علی نجفی کمیشن کی رپورٹ کو مقتدر حکمرانوں نے پبلک کرنے سے روک رکھا ہے تاکہ سانحہ کے اصل ذمہ داران کو بچایا جا سکے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزمان نواز شریف، شہباز شریف، وفاقی وزراء، آئی جی پنجاب اور وہ ملزمان ہیں جن کا ذکر استغاثہ میں کیا گیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان ملزمان کو عدالت میں طلب کیا جائے اور دستیاب نا قابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں ذمہ داروں کا ٹرائل اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 19فروری سے عوامی تحریک کے قائدڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں تقریبات منعقد ہونگی جن میں انکی اسلام اور پاکستان کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اورسانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکومتی ظلم پر مذمتی قرادادیں بھی منظور کی گئیں جبکہ پیر علاؤالدین صدیقی کی وفات پر انکے ورثاء سے اظہار تعزیت اور دین اسلام کیلئے انکی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔


تبصرہ