عوامی تحریک کراچی کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے زیراہتمام انڈیا کی کشمیر میں مداخلت، انسانی حقوق کی پامالی اور ہندو سامراج کے کشمیر میں مظالم کے خلاف مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 4 جنوری 2017ء کو کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں سے اطہار یکجہتی کیلئے مختلف نعرے درج تھے۔
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر سندھ صفدر قریشی نے کہا پاکستان میں رہنے والے اور کشمیر میں رہنے والوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں انہیں کوئی جدا نہیں کر سکتا۔ جنوبی ایشیاء کے خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے کشمیری مسلمانوں کی ناقابل فراموش جدوجہد اور قربانیاں ہیں لاکھوں کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ آزادی کا سورج انشاء اللہ طلوع ہو کر رہے گا۔
PAT کراچی سندھ کے نائب صدر قیصر اقبال قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو انکا حق خود ارادیت دیا جائے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کے انخلا کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی کشمیر، برما، فلسطین، شام میں جاری مسلم نسل کشی کے خلاف امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی جانبداری اور پاکستانی حکمرانوں کی بھارتی حکمرانوں سے دوستیوں اور بزنس پارٹنرز شپ نے مسئلہ کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے موجودہ حکمران کشمیری مسلمانوں کے خون سے غداری کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کے قاتلوں کو ساڑیاں بھجوائی گئیں۔ اقوام متحدہ ہو یا او آئی سی پاکستان حکمران ہوں یا دنیا میں انسانی حقوق کی بات کرنے والے مداری سب نے ان ہاتھوں کو چوما جن کے ہاتھ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا پاکستان کے موجودہ حکمران مسئلہ کشمیر اور وطن میں انڈین مداخلت پر بھیگی بلی نہ بنیں بلکہ دو ٹوک موقف اختیار کریں۔
سید ظفر اقبال اور اطہر جاوید صدیقی نے کہا انڈیا پاکستان کے معلامات میں مداخلت، سرحد کی خلاف ورزی سمیت اپنے جاسوس بھیج کر مسلسل پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کر رہا ہے اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے مگر افسوس ہمارے ملک کے حکمران آنکھوں میں آنکھ ڈال کر منہ توڑ جواب دینے کے بجائے انکی ثقافت کو فلموں اور ڈراموں صورت میں درآمد کرا رہے ہیں۔ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت کشمیری مسلمانوں کے خون سے غداری ہے۔
مظاہرے سے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین، اکرم مجاہد، عدنان رئوف انقلابی، شفقت شیخ، خان محمد بلوچ، ارشد جاکھرانی، بشیر خان مروت، نعیم مبارک، و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ