عوامی تحریک سندھ کے ضلعی و سینٹرل عہدیداران کا اجلاس
پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے ضلعی و سینٹرل عہدیدران کا اجلاس 25 جنوری 2017ء کو کراچی میں ہوا، اجلاس کی صدارت عوامی تحریک کراچی کے نائب صدر لیاقت حسین کاظمی نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری عدنان رئوف انقلابی اور عطاء الرحمان ہاشمی نے خصوصی شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کارکنان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ لیاقت حسین کاطمی، عدنان انقلابی اور عطاء الرحمان ہاشمی نے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق سے محروم شہری مریضوں کو کندھوں پر اٹھائے علاج کیلئے ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ٹھنڈے فرشوں پر قوم کی مائیں لاعلاج مر رہی ہیں۔
دوسری جانب حکمران ہر وہ کام کر رہے ہیں جس میں انکے کاروبار کو ترقی ملے۔یہ کیسا نظام ہے جہاں کھربوں روپے کے چور اقتدار میں ہیں معمولی ڈکیت جیل میں یا قانون کی گولی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنوں کے دوران حکمرانوں کی کرپشن منی لانڈرنگ، لوٹ مار کے جو انکشافات کئے آج وہ سب سچ ثابت ہو گئے۔ ملک میں قانون موجود ہے مگر قانون کی بالا دستی نہیں نظام کرپٹ ہونے کی وجہ سے بچوں سے مشقت کرائی جاتی ہے۔ قانون کے محافظ قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ قانون کمزور کیلئے ہے طاقتور عیاشیاں کر رہے ہیں۔ کارکنان کرپٹ نظام کے خاتمے کیلئے قوم کے شعور کو بیدار کرتے رہیں جب تک کرپٹ نظام کا خاتمہ، حکمرانوں کا بے رحمانہ احتساب، قانون کی بالا دستی نہیں ہو گی غریب ایسے ہی ظلم کی چکی میں پسے گا۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ