شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء دوسال سے انصاف مانگ رہے ہیں: خرم نواز گنڈا پور
آج انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے مزید ثبوت پیش کئے جائیں گے
سرکاری وکلاء کا توہین آمیز رویہ مزید برداشت نہیں کریں گے، سیکرٹری جنرل عوامی
تحریک

لاہور(15 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحر یک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء دو سال سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ سوموار کو انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے حوالے سے مزید ثبوت پیش کئے جائیں گے۔ سرکاری وکلاء کا توہین آمیز رویہ مزید بر داشت نہیں کرینگے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی لائرز موومنٹ کی وکلاء ٹیم سے کیس کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، مستغیث جواد حامداور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پولیس کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے عوامی تحریک کے کارکنوں اور شہداء کے ورثاء کے خلاف درج کی گئی جھوٹی ایف آئی آر میں نامزد کارکنوں کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہر تاریخ پر طلب کیا جاتا ہے جبکہ شہداء کے ورثاء کی طرف سے عدالت کے حکم پر درج ہونیوالی ایف آئی آر کے نامزد ملزمان میں سے کوئی ایک ملزم بھی عدالت میں حاضر نہیں ہوتا۔ ہمارے وکلاء آج اے ٹی سی جج سے استدعا کریں گے کہ معلوم کیا جائے کہ مرکزی ملزمان، پولیس افسران، ڈی آئی جی رانا عبد الجبار، ایس پی طارق عزیز اور عبد الرحیم شیرازی کہاں ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سے پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی قاتلوں کو معاف کریں گے۔ اتمام حجت کیلئے عدالت کے دروازے پر بیٹھے ہیں، انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کان کھول کر سن لیں ابھی قصاص تحریک کا دوسرا اور تیسرا راؤنڈ باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا۔


تبصرہ