عوامی تحریک کے وفد کی ایرانی قونصلیٹ جنرل سے ملاقات
سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر تعزیت

لاہور (14جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں لاہور میں ایرانی قونصلیٹ جنرل آغا محمد حسین بنی اسدی سے سابق صدر آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کی وفات پر تعزیت کی۔ تعزیتی کتاب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے تعزیتی کلمات بھی قلمبند کئے۔ منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹر فیتھ سہیل رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے مرحوم صدر کی عالمی سطح پر امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سابق صدر نے ایران کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرجوش تعلقات استوار رکھنے میں اپنا بہترین سفارتی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سابق صدر نے انقلاب ایران کے بعد عالمی سطح پر درپیش مسائل اور چیلنجز کا حکمت اور دانائی کے ساتھ سامنا کیا۔ پاکستانی قوم انکی وفات پر ایرانی بھائیوں کے ساتھ دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے وفد کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر پاک ایران تعلقات بالخصوص علاقائی سطح پر رونما ہونے والے جغرافیائی مسائل اور اقتصادی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


تبصرہ