عوامی تحریک سپین، فرانس اور کویت کے وفد کی مرکزی سیکرٹریٹ میں جی ایم ملک سے ملاقات
کرپٹ حکمران اور فرسودہ سیاسی نظام برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری
کیلئے پاکستان نہیں آئے گا : جی ایم ملک
ملک کو درپیش بحرانوں کی وجہ نا اہل حکمران ہیں، ناظم امور خارجہ کی وفد سے گفتگو
لاہور
(11 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک سپین کے نائب صدر چودھری طارق مہدی کی قیادت میں
عوامی تحریک سپین فرانس اور کویت کے رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج
القرآن کے ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک سے ملاقات کی۔ وفد نے تشویش کا اظہار کیا
کہ اڑھائی سال گزرنے کے باوجود شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف نہیں ملا۔ وفد نے حکمرانوں
کی کرپشن، ملکی حالات، دہشتگردی، بے روزگاری اور مہنگائی پر بھی گہری تشویش کا اظہار
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے آنے والی بری خبروں پر تارکین وطن دکھی اور افسردہ ہیں۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جی ایم ملک نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی پاکستان میں مداخلت ایک تلخ حقیقت ہے، اسکی وجہ بدعنوان اور نا اہل حکمران ہیں۔ پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی روایات بھی بیرون ملک سے آتی ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ملکی وسائل اوراختیارات میں ہر پاکستانی کو براہ راست حصہ دار بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ عوامی تحریک اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہر سطح پر ہونیوالی نا انصافیوں کے خاتمے کیلئے کو شاں ہے۔ عوامی تحریک کے دھرنوں اور قصاص تحریک سے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سیاسی شعور میں اضافہ ہوا۔ 2013 اور 2014 میں عوامی تحریک کے انقلاب مارچ اور احتجاج کے نتیجے میں پہلی بار عوام کو ریلیف دینے کی باتیں ہوئیں۔ پانامہ لیکس میں ملوث کرپٹ حکمران اور فرسودہ سیاسی نظا م برقرار رہا تو کوئی سرمایہ کاری کیلئے پاکستان نہیں آئے گا۔ ہماری انقلابی جدوجہد قاتل و کرپٹ حکمرانوں اور اس استحصالی نظام کے خاتمے کیلئے ہے۔ وفد میں عوامی تحریک سپین کے سیکرٹری انفارمیشن محمد یوسف، محمد افضال، اسد اقبال قادری، مدثر مصطفیٰ، فرانس کے رہنما محمد طیب رضا، خالد محمود قادری اور کویت کے عہدیدار قیصر عمر شامل تھے۔
جی ایم ملک نے کہا کہ عوامی تحریک کی جدوجہد نے پاکستان اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو زبان دی۔ گو نظام گو اور گو نواز گو کا نعرہ ہر زبان پر آ گیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام اب حکمرانوں کی لا قانونیت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ اپنے حقوق کیلئے پر امن اور موثر احتجاج کی روایت ہم نے ڈالی اور اسے منطقی انجام تک بھی ہم ہی پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ بیرون ملک مقیم محب وطن پاکستانیوں نے کرپٹ اور ظالمانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کر لیا ہے۔ عوامی تحریک کی جدوجہد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی، دانشور، سائنسدان، انجنیئرز، ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی کے با اثر افراد اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے وفد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کے نتیجے میں بہتری کی امید نظر آ رہی ہے۔ عوامی تحریک کی اوورسیز تنظیمیں پاکستان کی سیاست میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ عوامی تحریک کا 10 نکاتی انقلابی، اصلاحاتی ایجنڈا بیرون ملک مقیم پاکستانوں کی آواز ہے۔


تبصرہ