راولپنڈی: عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی کی کرسمس تقریب میں شرکت
پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمرریاض عباسی نے 25 دسمبر 2016 کو امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام وحدت اسلامی کانفرنس اور راولپنڈی پریس کلب میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک راولپنڈی کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، قاری منہاس، عوامی تحریک یوتھ ونگ راولپنڈی کے صدر وسیم خٹک، سلیم رشید عالم، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کے صدر چوہدری زیلج انقلابی اور شیخ آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وحدتِ اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمرریاض عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا نام’’ کرپشن ‘‘ رکھ دیا گیاہے۔ حکمران اپنے ذاتی مفادات اور اقتدار کی خاطر عوام کو استعمال کر تے ہیں۔ مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا کرداراداکرنا ہے۔ ہمیں نفرتوں اور تفرقوں کے خول سے نکل کر اتحاد، بھائی چارے، محبت اور اخوت میں ڈھلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گولی اور تھانے کے خوف کی وجہ سے عوام نے کرپشن اور ظلم سے سمجھوتہ کر لیا ہے۔ خواص اور عوام کا بڑا حصہ کرپشن کے نظام کا حصہ بن گئے ہیں۔گلی کوچے کی سطح پر دھن دھونس دھاندلی کا نیٹ ورک موجودہے۔ حکمران تھانہ کلچر کے خاتمے کی بجائے اسے پروان چڑھا رہے ہیں۔ یہ تھانوں میں پکڑواتے بھی ہیں اور چھڑواتے بھی ہیں۔ حکمرانوں کے لئے شوگر ملیں اور سٹیل ملیں بڑے کاروبار نہیں سب سے بہترین کاروبا ر اقتدار ہے۔ مے فیئر فلیٹس کی حیثیت مونگ پھلی کے دانے جیسی ہے۔ شریف برادران کی سیاسی جائیدادیں دنیا کے ہر ملک میں ہیں۔ یہ ووٹ، سروے اور ضمیر خریدتے ہیں۔گیلپ سروے گپ سروے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب میں روزانہ 2ہزار سنگین جرائم ہوتے ہیں، مگر بہت کم رپورٹ ہوتے ہیں۔ پنجاب پولیس سٹیٹ بن چکا ہے۔ عوامی تحریک نے عوام کو شعور دیا، کرپٹ نظام اور اس کے حواری ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ عوام آئندہ انتخابات میں سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں۔ کرپٹ اور لٹیروں کے حق میں فیصلہ دے کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل کا داؤ پر نہ لگائیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی کال پرانقلاب مارچ میں عوام نہیں عوامی تحریک کے کارکن نکلے۔ 17جون 2014کے د ن گولیاں بھی کارکنوں نے کھائیں، انقلاب مارچ میں کارکنوں کے ساتھ عوام بھی نکلتے تو ظلم کا نظام اپنی موت آپ مر چکا ہوتا۔
تبصرہ