کراچی: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بانئ پاکستان کی سالگرہ کی تقریب
پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے زیراہتمام بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 141 ویں سالگرہ کی تقریب پرانی سبزی منڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ’قائدِ اعظم، عظیم لیڈر‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سندھ کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا کہ قائدِ اعظم جیسی بہادر شخصیات خوش نصیب اقوام کو صدیوں بعد نصیب ہوتی ہیں۔ قائد اعظم کی زندگی، اصول، کردار اور جدجہد مسلسل ہر پاکستانی کیلئے مشعل راہ ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کراچی کے راہنما صفدر حسین قریشی نے کہا قائد اعظم کا پاکستان اس وقت نا اہل ،کرپٹ حکمرانوں، پانامہ کے چوروں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کے ہاتھوں میں سسکیاں لے رہا ہے۔ ہم قائد کے گم شدہ پاکستان کو بازیاب کرا کر دم لیں گے۔ قائد کا پاکستان کرپٹ اور مفاد پر ست حکمرانوں کے ہاتھوں میں یرغمال ہے جس کے تاوان میں ملک کو لوٹ رہے ہیں۔ قوم کب تک یرغمال پاکستان کا تاوان بھرتی رہے گی؟ وقت آگیا ہے ہم پاکستان کو لٹیروں سے آزاد کرائیں۔ تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر قاضی زاہد حسین نے کہا آج کے پاکستان کی حالت دیکھ کر قائد کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی۔ انھوں نے کہا قائد کا پاکستان ہم سے کھو چکا ہے۔ سیمینار سے ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک عطاء الرحمان ہاشمی، عدنان رؤف انقلابی، لیبر ونگ کے صدر مشتاق صدیقی، شفقت شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سیمینار کے اختتام پر قائد اعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
(رپورٹ: الیاس مغل ، سیکرٹری اطلاعات پاکستان عوامی تحریک کراچی)
تبصرہ