کراچی: یوم قائد پر پاکستان عوامی تحریک کے قائدین کی مزار قائد پر حاضری
بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح رح کے 141 ویں یومِ پیدائش پر پاکستان عوامی تحریک کراچی کے قائدین صفدر قریشی، قیصر اقبال قادری، راؤ کامران محمود، سید ظفر اقبال، عدنان رؤف انقلابی، مشتاق صدیقی، شفقت شیخ، عطاء الرحمان ہاشمی اور الیاس مغل نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے کہا آج پاکستان کے حالت کو دیکھ کر قائد کی قبر پر حاضری دیتے ہوئے حکمرانوں کو شرمندہ ہونا چاہیے۔ پورا سال ملک لوٹنے کے بعد حکمران قائد سے عہد وفا کے بجائے فوٹو سیشن کیلئے حاضری دینے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا قائد کی طرز حکمرانی کرپشن سے پاک سادہ اور ملک و ملت کی ترقی کیلئے تھی۔ قائد کی ذات اصول پسندی، انصاف، رواداری، راست بازی، ایمانداری، لگن اور جہدِ مسلسل کی بہترین مثال تھی۔ قائد اعظم کا طرز حکومت دور حاضر کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس کے برعکس موجودہ حکمرانوں کی سیاست کرپشن، لوٹ مار، ظلم، ناانصافی، جھوٹ اور فریب پر مبنی ہے۔ انھوں نے کہا اسلامی جمہوریہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا احسان عظیم ہے۔ وطن کی حفاظت پوری قوم پر فرض ہے۔ قائدِ اعظم نے ہمیشہ اتحاد و یکجہتی، عدل و انصاف، بنیادی حقوق کی بحالی اور احترام انسانیت کا درس دیا۔ راؤ کامران محمود نے کہا ملک کو دیانت دار، فرض شناس، کرپشن سے پاک محب وطن، جرات مند قیادت کی ضرورت ہے۔ اس وقت قائد کا پاکستان ہم سے کوسوں دور کھڑا ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں دیانت داری، فرض شناسی، حب الوطنی کی جگہ افراتفری، اقربا پروری، کرپشن، رشوت ستانی، میرٹ کا قتل عام، ناانصافی کا دور دورہ ہے۔ موجودہ پاکستان کسی طور پر بھی قائد کا پاکستان نہیں ہو سکتا۔ راؤ کامران نے کہا پاکستان عوامی تحریک قائد کے حقیقی پاکستان کی بازیابی کیلئے کوشاں ہے جسے کرپٹ حکمرانوں نے قبضے میں لے رکھا ہے۔
(الیاس مغل۔ سیکرٹری اطلاعات پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ)
تبصرہ