عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ ضرب امن کارواں‘‘ 20 نومبر سے شرو ع ہوگا
امن کارواں 5 دسمبر کو لاہو ر پہنچے گا، جہاں شہدائے ماڈل ٹاؤن
کے قصاص کا مطالبہ کیا جائے گا
’’ ضرب امن کارواں‘‘ 16 دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچ کر شہداء سے اظہار
یکجہتی کرے گا
’’ضرب امن کارواں‘‘ پیغام دے گا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں
ضرب امن کارواں کے استقبال کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں سے حافظ غلام فرید،
حاجی فرخ خان قادری کی گفتگو

لاہور (19 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام ’’ ضرب امن کارواں‘‘ 20 نومبر کو مزار قائد کراچی سے شرو ع ہو گا۔ امن کارواں ملک کے 50 بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 5 دسمبر کو لاہور پہنچے گا۔ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی، مزدور، طلباء اور کسان رہنماء کارواں کا استقبال کریں گے۔ 5 دسمبر کو امن کارواں میں شامل افراد کے اعزاز میں لاہور میں ایک فقید المثال استقبالیہ تقریب منعقد کی جائیگی۔ صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین تقریب سے خطاب کریں گے۔
امن کارواں میں شامل درجنوں پروفیشنل سائیکل سوار سبز ہلالی پرچم تھامے امن، محبت ویکجہتی کا پیغام دیں گے اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ یوتھ ونگ کے امن کارواں کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ ہر فرد کو قیام امن اور نظام کی تبدیلی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، ورنہ ہماری نسلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، عوامی تحریک یوتھ لیگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں امن کارواں کے ا ستقبال کیلئے بنائی گئی انتظامی کمیٹیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عمر اعوان، اشتیاق حنیف مغل، ہارون ثانی، حنیف قادری، شفاقت مغل، شیخ عتیق الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔
کراچی سے شروع ہونیوالے امن کارواں کی قیادت عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی و دیگر مرکزی رہنماء کریں گے۔ حافظ غلا م فرید نے کہا کہ ’’ضرب امن کارواں‘‘ 16دسمبر کو پشاور آرمی پبلک سکول پہنچے گا جہاں وہ دہشتگردی کی سفاک کاروائی میں شہید ہونیوالے آرمی پبلک سکول کے طلباء، اساتذہ اور بے گناہ شہریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ ضرب امن کارواں میں شامل افراد دہشتگردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر ڈاکٹر طاہر القادری کی ملک گیر امن مہم کا پیغام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ضرب امن کارواں‘‘ میں شامل افراد پیغام دیں گے کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں اور انکی قربانیوں کو اپنے لئے فخر کا تاج بناتی ہیں، پوری قوم مادر وطن کیلئے جان دینے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کسی رعائت کے مستحق نہیں ان کا خاتمہ پر امن شہریوں کیلئے ناگزیر ہے۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ شہداء آرمی پبلک سکول کی یاد میں شمعیں روشن کر کے انکی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھا کر شہیدوں سے اظہار یکجہتی کرے گی۔
عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر فرخ نے کہا کہ کراچی سے چلنے والا امن کارواں 5دسمبر کو لاہور پہنچ کر شہداء ماڈل ٹاؤن سے بھی اظہار یکجہتی اورشہدا ماڈل ٹاؤن کے قصاص کا مطالبہ کرے گا۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ضرب امن کارواں‘‘ مطالبہ کرے گا کہ عوام کو ظلم، کرپشن، نا انصافی، بے روزگاری اور دہشتگردی کا تحفہ دینے والے حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ آئین پاکستان کے مطابق عوام اقتدار کے حقیقی مالک اور اختیار رکھتے ہیں۔


تبصرہ