پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے معاملہ کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے: خرم نواز گنڈا پور
شریف حکومت غلامانہ ذہنیت سے باہر نکلے، متاثرہ خاندانوں نے کونسا ملکی قانون توڑا

لاہور (17 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے معاملہ کو انسانی بنیادوں پر دیکھا جائے۔ 20 سال سے رہائش پذیر اساتذہ اور ان کے اہل خانہ نے کون سے ملکی قوانین کو پامال کیا کہ انہیں راتوں رات ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا اسے آزاد اور خود مختار ملک کہتے ہیں کہ کہیں سے کوئی اشارہ بھی آ جائے تو غلاموں والا سلوک شروع کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات یہی ہیں کہ جو ترک شہری بھی یہاں سے جاتا ہے اسے ایئر پورٹ سے سیدھا جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کے معاملہ پر غلامانہ ذہنیت والی حکومت بے حسی ترک نہیں کرے گی، اس معاملہ پر چیف جسٹس آف سپریم کورٹ انسانی بنیادوں پر سوموٹو نوٹس لیں اور پاک ترک سکولوں کے اساتذہ اور انکے اہل خانہ کیلئے کوئی درمیانی راستہ نکالیں۔ جن اساتذہ اور انکے اہل خانہ کو اذیت ناک صورت حال سے دو چار کیا جا رہا ہے ان کا جرم کس عدالت سے ثابت شدہ ہے؟


تبصرہ