قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا: عوامی تحریک
میاں نواز شریف اب تک یہی کہتے رہے ہم جدی پشتی صنعت کار اور کھاتے پیتے لوگ ہیں
قطری شہزادے نے تحفے کی رقم بریف کیس میں یا کسی بنک اکاؤنٹ میں جمع کروائی، اسکا پتہ بھی چلنا چاہیے
وزارت عظمیٰ کے منصب کی تذلیل ہو رہی ہے، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، مخدوم ندیم ہاشمی
لاہور (15 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اورمخدوم ندیم ہاشمی نے پانامہ لیکس کیس کی پیروی میں حکمران خاندان کی طرف سے جمع کروائے گئے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا۔ میاں نواز شریف اب تک یہی کہتے رہے کہ شریف خاندان جدی پشتی صنعت کار اور کھاتا پیتا خاندان ہے مگر اب قوم کو بتایا جا رہا ہے ان کی خوشحالی کے پیچھے ایک قطری شہزادے کی بخشیش ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ میاں نواز شریف ایک بار ہی قوم سے سچ بول دیں پاکستان اور وزرات عظمیٰ کے منصب کی مزید تذلیل نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویسپا چلانے والے ن لیگی وزیر جو آج ارب پتی ہیں اپنے کرپٹ وزیر اعظم کے حق میں جھوٹ بولتے بولتے انکے چہروں کی رنگت سیاہ پڑ گئی مگر انہیں قوم کی غربت اور بے حالی پر رحم نہیں آ رہا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ وزیر اعظم نے دو بار قوم سے خطاب کیا، ایک بار پارلیمنٹ میں خطاب کیا مگر تینوں مرتبہ قطری شہزادے کی بخشیش کا ذکر نہیں کیا، یہ کون سے شہزادے ہیں جو کبھی لندن کے قرضے اتارنے کیلئے لاکھوں ڈالرز بھجوا دیتے ہیں کبھی کروڑوں کی بلٹ پروف گاڑیاں تحفے میں دے دیتے ہیں۔ شریف خاندان کسی روز ان شہزادوں سے پاکستان کا قرضہ اتارنے کی درخواست بھی کر دے، اگر ایسا ہو جائے تو پاکستان کے عوام انکے سارے جرائم نظر انداز کرنے پر تیار ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے دولت کے ذخائر کے ماخذ بتانے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا جا رہا ہے یقیناً میاں شریف کی روح بھی سر پکڑ کر بیٹھی ہو گی۔
مخدوم ندیم ہاشمی نے کہا کہ قطری شہزادے کی طرف سے ملنے والی بخشیش پر صرف اتنا ہی کہا جا سکتا ہے ’’شرم تم کو مگر نہیں آتی‘‘۔ رہنماؤں نے ایک سوال کرتے ہوئے کہا کہ قطری شہزادے نے 70 کی دہائی میں تحفے کی رقم بریف کیس میں دی یا کسی بنک اکاؤنٹ میں جمع کروائی اور پھریہ رقم کس کے دستخطوں سے بنک سے نکالی گئی یہ دستاویزات بھی خط کا حصہ ہونی چاہیے۔


تبصرہ