کراچی: پاکستان عوامی تحریک کا یوم اقبال پر سیمینار
نوجوان کرپشن زدہ پاکستان نہیں اقبال اور قائد کا پاکستان چاہتے ہیں۔
اقبال کے خواب اور آج کے پاکستان میں زمین، آسمان کا فرق ہے۔
سیکرٹری جنرل PAT کراچی راو کامران
جب تک فرسودہ نظام کا خاتمہ نہیں ہوگا تب تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ قیصر
اقبال قادری
ملکی ترقی کے لیے اقبال کے شاہینوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ الیاس مغل، یوم اقبال پر سیمینار سے خطاب
پاکستان عوامی تحریک نارتھ کراچی کے زیراہتمام ’’اقبال کا تصور پاکستان‘‘ سیمینار 9 نومبر 2016ء منعقد ہوا، یوم اقبال پر منعقدہ خصوصی سیمینار میں پاکستان عوامی تحریک کراچی، منہاج ویمن لیگ اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد کلام اقبال مترنم پیش کیا گیا۔
عوامی تحریک کراچی کے سیکرٹری جنرل راو کامران نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کرپشن زدہ پاکستان نہیں، اقبال اور قائد کا پاکستان چاہتے ہیں۔ اقبال کے خواب اور آج کے پاکستان میں زمین، آسمان کا فرق ہے۔ ملک میں امن، محبت، اتحاد و یکجہتی کیلئے اقبال کے شاہینوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
عوامی تحریک کراچی کے مرکزی رہنماء قیصر اقبال قادری نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصور پاکستان دہشت گردی، بے روزگاری، نا انصافی، لوٹ مار، کرپشن سے پاک تھا، لیکن کرپٹ حکمرانوں اور فرسودہ نظام نے ملک و قوم کی ترقی روکی ہوئی ہے۔ جب تک موجودہ فرسودہ نظام کا خاتمہ نہیں ہوگا تب تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اگر ملکی ترقی اور انقلاب کے لیے عوام باہر نہ نکلے تو اس ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے الیاس مغل نے کہا نوجوان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں مستقبل کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ نوجوان تعلیم کو اپنا زیور بنا لیں اور اخلاق و کردار کو اپنا اسلحہ سمجھیں۔ انھوں نے کہا پاکستان کی موجودہ حالت دیکھ کر اقبال قائد کی روح تڑپ رہی ہو گی کہ انہوں نے جس ارض و وطن کا خواب دیکھا تھا تو یہ وہ ملک نہیں۔ اس کے ذمے دار حکمران ہیں۔
سیمینار کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔
تبصرہ