اوکاڑہ: میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ

پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ نے 23 اگست 2016 کو اوکاڑہ پریس کلب کے سامنے اے آر وائی نیوز اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج کے شرکاء نے کراچی میں میڈیا ہاؤسز پر ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر تحریکِ منہاج القرآن کے ضلعی امیر مرزا خالد محمود، پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی آرگنائزر محمد اسلم مغل ایڈوکیٹ، انجمن تاجران کے صدر چودھری محمد سلیم، جماعت اسلامی کے راؤ محمد جمیل اور چودھری عتیق الرحمن بھی موجود تھے۔ پاکستان عوامی تحریک ضلع اوکاڑہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر شیخ گلفام علی قادری نے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگرد صحافیوں کو اپنا غلام بنانا چاہتے ہیں۔ میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والے ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم جس کو چاہیں اور جیسے چاہیں اپنی من پسند خبریں چلوا سکتے ہیں، جو چینل نہیں چلائے گا اس کا یہی حشر کریں گے۔ میڈیا ہاؤسز پر حملہ کرنے والوں نے توڑ پھوڑ کر کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد تازہ کر دی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔


تبصرہ