پیرس: پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیرانتظام جشن آزادی کی تقریب

پیرس (اے کے راؤ) پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کی تقریب پاکستان عوامی تحریک فرانس کے زیر انتظام پیرس میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی جس کی صدارت حاجی محمد اسلم نے کی جبکہ مہمان خصوصی سابق صدر پریس کلب کھاریاں نصراللہ چوہدری ایڈوکیٹ تھے۔دیگر مہمانوں میں سابق نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض، سفیر عالم تحریک منہاج القرآن علامہ حافظ نذیر احمد اور صدر منہاج القرآن فرانس چوہدری محمد اعظم نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد صدیق نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد سرور کونین حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول بھی پیش کیئے گئے۔ پروگرامیں نقابت کے فرائض پاکستان عوامی تحریک فرانس کے نو منتخب جنرل سیکرٹری قاری طاہر عباس گورائیہ نے سرانجام دیئ۔
پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر محمد نعیم چوہدری نے ابتدائی کلمات پیش کئے جس کے بعد راؤ خلیل احمد نے پاکستان کی آزادی اور سالمیت پر اثر انداز ہونے والے عوامل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حقیقی آزادی کے حصول میں رکاوٹوں پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد کے پروگرام کی 45 دنوں کے لیے بندش کی مزمت کی۔
سید ظہیر شاہ نے فرنچ زبان میں آزادی کے مفہوم اور مسلمانان ہند کے 1940 سے 1947 تک کے کردار پر گفتگو کی۔ ظہیر عباس گجر ڈپٹی سیکرٹری منہاج القرآن فرانس نے پاکستان پر مسلط حکمران خاندان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہوں کے قاتل آل شریف کے افراد سن لیں، انصاف بھی ہوگا، احتساب بھی ہوگا اور قصاص بھی۔ اب کوئی طاقت انہیں انکے انجام سے نہیں بچا سکے گی۔

صدر پاکستان عوامی تحریک فرانس حاجی محمد اسلم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے مہینے میں دہشتگردوں نے کوئٹہ میں وکلاء، مریضوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا، مگر وزیراعظم عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنے کی بجائے میڈیا کی آواز دبانے کی پلانگ کرتے نظر آتے ہیں۔
اس موقع پر مہمان خصوصی نصراللہ چوہدری ایڈوکیٹ نے کہا کہ آزادی کے اس ماہ میں سانحہ کوٹہ بپاء کیے جانے نے 1947 کی یاد تازہ کر دی ہے وہ قربانیاں قیام پاکستان کے لیے تھیں اور یہ شہادتیں استحکام پاکستان کے لیے ہیں۔ انہوں کہا کہ 14 اگست یوم احتساب ہے جو ہمیں دعوت دیتا ہے کی ہم اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا تجزیہ کریں۔ انہوں نے بیرونی ممالک میں منہاج القرآن کے سیٹ اپ اور قائد تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کی بھی تعریف کی۔
سفیر عالم علامہ حافظ نذیر احمد نے حقیقی آزادی اس وقت نصیب ہوتی ہے جب علماء، امراء اور فقراء عوام کی درست سمت میں رہنمائی کریں اگر ان میں سے ایک بھی ٹھیک کام نہ کرے تو عوام کی آزدی سلب ہو جاتی ہے۔ انہوں نے امراء کی لوٹ مار پانامہ لیکس اور فقراء کی قاتلوں کی حمایت کی نشان دہی کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ داروں کے انجام اور کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔
پروگرام میں شہداء کوئٹہ کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، علامہ حافظ نزیر احمد نے استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی جس کے بعد شرکاء میں کھانا تقسیم کیا گیا۔






تبصرہ