ملتان: عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے ترجمان کی خانیوال کے وفد سے ملاقات
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان راؤ محمد عارف رضوی نے 03 اگست 2016ء کو پاکستان عوامی تحریک خانیوال کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد قائدِ تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف اعلان کردہ تحریک قصاص و احتساب کے تحت ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے متعلق مشاورت کرنا تھا۔ وفد میں پاکستان عوامی تحریک ضلع خانیوال کے نائب صدر مہر مشتاق سیال، تحریک منہاج القراان خانیوال کے صدر ڈاکٹر رفیق بھٹہ اور نائب صدر قیصر عباس پھل شامل تھے۔
اس موقع پر راؤ محمد عارف رضوی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکمرانوں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا اور 14 معصوم انسانوں کو شہید کردیا۔ شہداء کے ورثاء دو سال بعد بھی انصاف سے محروم ہیں۔ جب حکمران ہی قاتل ہوں تو پھر انصاف کیلئے کس سے سوال کیا جائے؟ ہم ملک میں امن و امان کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ ہمارے شہداء کے خون کا قصاص دلوائیں۔ اسی مقصد کیلئے تحریکِ قصاص شروع کی گئی ہے جس میں تمام اپوزیشن جماعتیں شامل ہونگی۔
راؤ عارف رضوی نے کہا کہ تحریک قصاص حصول اقتدار کی نہیں بلکہ حصول انصاف کی پرامن جدوجہد ہے جسے انصاف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں معصوم انسانوں کے قاتل کسی سے چھپے ہوئے نہیں ہیں بلکہ ان کے چہرے پوری دنیا کے سامنے عیاں ہیں۔ ہم سوال کرتے ہیں کہ ادارے اس خون کی ہولی پر خاموش کیوں ہیں؟ قومی سلامتی کے ادارے جب نامعلوم دہشتگردوں کا خاتمہ کرسکتے ہیں تو پھر ماڈل ٹاؤن کے معلوم دہشتگردوں کے خلاف کاروائی سے انہیں کس نے روکا ہوا ہے؟ تحریک قصاص کے سلسلے میں 27 اگست کو ملتان میں تاریخی احتجاج اور دھرنا ہوگا۔ ہم اپنے شہداء کے خون کا قصاص لینے کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تبصرہ