ملتان: پاکستان عوامی تحریک کا 27 واں یوم تاسیس
پاکستان عوامی تحریک کے 27 ویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں مورخہ 25 مئی 2016 کو ضلعی تنظیم ملتان کی جانب سے تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت صوبائی صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کی جبکہ مہمان خصوصی میجر محمد اقبال چغتائی تھے۔ تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری، پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق ممبر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی، مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کی شعبہ خواتین کی سربراہ سیدہ عابدہ بخاری اور رواداری تحریک کی سیکرٹری جنرل یاسمین خاکوانی نے بھی شرکت کی۔
میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا کہ ہم آج کا یوم تاسیس سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے نام کرتے ہیں۔ شہداء ماڈل ٹاؤن نے انقلاب کیلئے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ ہم آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ شہداء ماڈل ٹاؤن کے خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا، ہم کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر شہداء کے خون کا قصاص لیں گے۔ دنیا کا کوئی بڑے سے بڑا فرعون بھی ہمیں اپنے ارادے سے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے جانثار کارکن پوری دنیا میں اپنی الگ شناخت اور پہچان رکھتے ہیں۔ پوری دنیا ان کے امن اور انقلابی جذبے کی معترف ہے۔
راؤ عارف رضوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کو روایتی سیاسی جماعت نہیں بنایا بلکہ یہ ایک انقلابی جماعت ہے جو کرپٹ، فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ غریبوں، مزدوروں، کسانوں اور ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو انکے حقوق مل سکیں۔
تقریب کے آخر میں یوم تاسیس کے سلسلہ میں تمام معززین مہمانان گرامی نے کیک کاٹا اور دعائے خیر کی گئی۔
تبصرہ