اوکاڑہ: پاکستان عوامی تحریک کی کسان ریلی
پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ نے 18 مئی کو کسان ریلی کا اہتمام کیا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران و کارکنان سمیت کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کسان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے نائب صدر قاری مظہر فرید سیال ایڈووکیٹ نے کہا کہ زراعت کی تباہی نون لیگ کی حکومت کا تحفہ ہے، زرعی اجناس ہندوستان سے منگوانے کی کو شش نواز شریف کی مودی سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاشتکار تباہ ہو چکا، زرعی فصلوں کے لیے انپٹس کے ریٹ آسمان سے باتیں کر ہے ہیں۔ کاشتکار کی فصل جب پک کر تیار ہوتی ہے تو تجارت پر قابض کرپٹ مافیا ریٹ کم کر دیتا ہے۔ وفاقی وزارت زراعت میں اسیسمنٹ ڈیپارٹمنٹ فصل تیار ہونے سے قبل حکومت کو تخمینہ بتاتا تھا کہ ملک میں کتنی تعداد میں فصل تیار ہو رہی ہے اور مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ ملک سے باہر فصلوں کو بیچنے کے لیے مارکیٹنگ کرتا تھا اور فیڈرل گورنمنٹ میں زراعت کی پالیسی سازی کیلے کسانوں کے نمائندوں سے مشاورت کی جاتی تھی، مگر موجودہ حکومت نے آغاز میں ہی یہ ڈیپارٹمنٹس بند کر دیے ہیں اور زراعت کو اپنی ترجیح سے نکال دیا۔ حکومت نے ملکی زراعت تباہ کرنے کا اپنا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ پوری دنیا میں زراعت پر جی ایس ٹی نہیں، لیکن پاکستانی کاشتکاروں سے جبری طور پر جی ایس ٹی وصول کیا جا رہا ہے۔ زرعی انپٹس کی قیمتیں کم کر کے زراعت کو مزید تباہی سے بچایا جاسکتا ہے۔
تبصرہ